نکوبار جزائر میں 5.5 شدت کا زلزلہ

کولکتہ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈومان نکوبار جزائر میں آج شام اوسط درجہ کا زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔ تاہم اِس زلزلے میں کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ یہ زلزلہ شام 7 بجکر 8 منٹ کو محسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ کی شدت 5.5 تھی اور یہ سمندر کی سطح سے 10 کیلو میٹر گہرا تھا۔ حکام نے نکوبار جزائر کے خطہ میں زلزلہ کا جھٹکا ریکارڈ کیا ہے۔

نامعلوم شخص کے حملے میں کانسٹبل زخمی
تھانے ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک پولیس کانسٹیبل آج صبح کی اولین ساعتوں میں اس وقت شدید زخمی ہوگیا جب ایک نامعلوم شخص نے اس پر حملہ کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ صبح 3 بجے کے وقت جس وقت 27سالہ کانسٹیبل وجے سپکالے کوپری علاقہ میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اچانک اندھیرے میں ایک شخص نے تیز دھاری ہتھیار کے ساتھ اس پر حملہ کردیا اور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ زخمی سپکالے کو تھانے سیول ہاسپٹل لے جایا گیا۔ دریں اثناء کوپری پولیس نے نامعلوم حملہ آور کے خلاف ایک معاملہ درج کرتے ہوئے اس کی تلاش کا آغاز کردیا۔