نکلس روڈ پر آج حیدرآبادی فن گامہ شو

سیاست شاپنگ دھوم کے بمپر ڈرا کی خصوصی تقریب ، داخلہ اور پارکنگ مفت

حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) حیدرآبادی فن گامہ شو 2014 آپ کا منتظر ہے ۔ اس یادگار پروگرام کا قارئین سیاست و شائقین موسیقی سال بھر انتظار کرتے ہیں ۔ سیاست شاپنگ دھوم میں خریداری کے بعد متعدد انعامات منی ڈرا کے ذریعہ جیت کر خریدار بمپر ڈرا کے منتظر ہوتے ہیں ۔ اس پر اثر تقریب میں ایک طرف انعامات کی بارش ہوتی ہے تو دوسری طرف دلکش پروگراموں کی جھنکار سے دل باغ باغ ہوجاتا ہے ۔ فن گامہ شو میں ہر دفعہ کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی کوآرڈینیٹر مسٹرخیرالدین بیگ جانی نے سعی کی ہے ۔ ان کا مقصد شائقین کو معیاری اور مدتوں یاد رکھی جانے والی تفریح فراہم کرنا ہوتا ہے ۔ وہ اپنے اس مقصد میں صد فیصد کامیاب نظر آتے ہیں ۔ اس فن گامہ شو کے پروگراموں کی فہرست اس بات کی غماز ہے کہ یہ سارے پروگرامس آپ کی پسند اور توقع کے مطابق ہیں ۔ زندگی کی تلخ یادوں کو فراموش کرنے کیلئے مزاج کی چاشنی بے حد ضروری ہے کیونکہ لبوں پر کھلتی ہوئی مسکراہٹ سارے غموں کو دور کردیتی ہے اور دل کی شادمانی سے جو قہقہہ بلند ہوتا ہے وہ ایک تھکے ہوئے ذہن کو ہشاش بشاش بنادیتا ہے ۔ قہقہوں کی سوغات فن گامہ شو میں مسرس منور علی مختصر ، حبیب قدیر ، شبیر خان ، سورج کرن اور عائشہ جلیل ، ’’شادی کا ٹنڈر ‘‘ زیر عنوان مزاحیہ خاکہ میں دیں گے جو سلگتے موضوع کا احاطہ کرے گا ۔ مذکورہ شو میں سب سے جاذب نظر پروگرام حیدرآبادی فلمی ستاروں کی جھلک ہوگی جو کسی بھی اسٹیج پر آج تک تمام حیدرآبادی فلمسٹار اکھٹا نہیں ہوئے تھے لیکن فن گامہ شو 2014 میں تمام شہرت یافتہ فلمی ستارے جلوہ افروز ہوں گے ۔ ان میں عدنان ساجد خان ( گلو دادا ) آر کے ماما مست علی ( سلیم بھیکو ) راجو سری واستو ( اسمعیل بھائی ) عزیز ناصر ، الطاف حیدر ، محمد توفیق (ایک تھا سردار فلم ) اکبر بن تبر ، عزیز رضوان ، ذبیح شاہ ، ابو خلیل اور معین جان وغیرہ شامل ہیں ۔ یہ تمام فنکار اپنی کامیاب فلموں کے مکالمے پیش کریں گے ۔ موسیقی ہر عمر و طبقہ کے ذوق کی تسکین کرتی ہے ۔ خاص کر فلمی گانوں کے سب شیدائی ہوتے ہیں ۔ چنانچہ فن گامہ شو میں نئے پرانے ہٹ فلمی نغموں کو شامل کیا جارہا ہے جس میں سولو ڈویٹ اور کورس ہر طرح کے مقبول نغمے شامل رہیںگے ۔ ان نغموں کو پیش کرنے والے گلوکاروں میں وجئے لکشمی ( پلے گیک سنگر ) احتشام ، صفی ملک ، مخدوم ، عامر ، سمیر اور سمرن قابل ذکر ہیں ۔ پروگرام کے اینکر مس نادیہ ہیں ۔ فن گامہ شو کے کوآرڈینیٹر مسٹر خیرالدین بیگ جانی کے مطابق 7 فروری ہفتہ شام 6.30 بجے پیپلز پلازا نکلس روڈ میں پیش کئے جانے والے اس فن گامہ 2014 شو میں داخلہ کی عام اجازت رہے گی اور شو میں شرکت کے خواہشمند حضرات کی سہولت کیلئے مفت پارکنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔