جئے پور ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج اشارہ دیا کہ مرکز کی جانب سے نکسلزم، دہشت گردی اور شورش پسندی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک جامع منصوبہ متعارف کروایا جائے گا۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ انہوں نے موجودہ اور وظیفہ یاب عہدیداروں کے ساتھ ایک ذہن سازی اجلاس منعقد کیا ہے اور وہ پولیس ٹریننگ اکیڈیمیوں اور پولیس آفیسرس سے اس مسئلہ پر تجاویز طلب کئے ہیں۔ آزادی کے بعد سے سلامتی کی صورتحال میں یکسر تبدیلی آئی ہے۔ ملک کو دہشت گردی، ماوزم اور شورش پسند کے چیلنجس کا سامنا ہے۔ ان چیلنجس سے نمٹنے کیلئے میں نے اپنے ویب سائیٹ پر آپ کی تجاویز طلب کی ہیں۔ وہ یہاں ایک قومی سمپوزیم سے خطاب کررہے تھے۔ پولیس اکیڈیمیوں کے سربراہوں اور مختلف ریاستوں کے پولیس عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ایک جامع منصوبہ بنانے کی تیاری کررہا ہوں۔ مرکزی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پولیس کے امیج کو یکسر بدل کر رکھ دینے کی ضرورت ہے۔ عوام حکومت کی کارکردگی کے نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔ عوام نے وزیراعظم اور چیف منسٹروں سے جو توقعات وابستہ کی ہیں انہیں پورا کرنا ضروری ہے۔ عوام پولیس اور ایک کانسٹیبل سے بھی بہتری کی توقع رکھتے ہیں۔