نکسلائیٹ متاثرہ ریاستوں میں موبائیل ٹاورس

کابینی نوٹ کی تیاری‘کابینہ کے اجلاس میں قطعی فیصلہ کا امکان
نئی دہلی 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی کابینہ کے اجلاس میں نکسلائیٹس سے متاثرہ ریاستوں میں موبائیل ٹاورس کی تنصیب اور شمال مشرقی ریاستوں میں ٹیلیکام رابطلوں کو مستحکم کرنے جیسے اہم مسائل پر غور کیا جائیگا ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ ٹیلیکام نے ان دو مسائل پر کابینی نوٹ تیار کرنے کا کام مکمل کرلیا ہے اور بہت جلد یعنی آئندہ کابینی اجلاس میں ان امور پر غور ہوسکتا ہے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے زور دیا جا رہا ہے کہ نکسلائیٹس سے متاثرہ ریاستوں میں موبائیل ٹاورس نصب کئے جائیں ۔ موبائیل نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں سکیوریٹی فورسیس کیلئے ان علاقوں میں کام کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے اور وہ مشکل صورتحال میں درکار مدد حاصل نہیں کر پا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں کچھ موقعوں پر جانی نقصان بھی ہو رہا ہے ۔ 2013 میں چھتیس گڑھ میں بستر کے مقام پر ماؤیسٹ حملہ کے فوری بعد کابینہ نے 2013 میں 3,046 کروڑ روپئے کے صرفہ سے نکسلائیٹس متاثرہ ریاستوں میں موبائیل ٹاورس نصب کرنے کی منظوری دیدی تھی تاکہ ان علاقوں میں بہتر رابطوں کو یقینی بنایا جاسکے ۔ نکسلائیٹس نے گذشتہ سال بستر میں حملہ کرتے ہوئے 27 افراد کو ہلاک کردیا تھا جن میں کانگریس کے سینئر قائدین بھی شامل تھے ۔ موبائیل تنصیب کا پراجیکٹ جاریہ سال جون ہی میں مکمل ہونا تھا تاہم بولیوں میں اور حقیقی اخراجات میں فرق کی وجہ سے کام تعطل کا شکار ہوتا گیا تھا ۔