نکسلائیٹس کو راجناتھ سنگھ کا انتباہ

انتہا پسندانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا :وزیر داخلہ
نئی دہلی ۔ /27 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بائیں بازو انتہاپسندوں کی جانب سے ایک بڑے حملے کی صورت میں موثر جوابی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نکسلائیٹس سے متاثرہ علاقوں میں موثر جوابی کارروائی کرنے کیلئے یکساں طریقہ اختیار کیا جانا چاہئیے ۔ مرکزی حکومت پر انہوں نے زور دیا کہ وہ ریاستی حکومتوں کو ہدایت دے کہ مقامی قبائیلیوں اور علاقائی انتظامیہ کو ماؤسٹوں کی حکمت عملی کے خلاف مورچہ تیار کرلیں ۔ نکسلائیٹس سے متاثرہ اضلاع میں مقامی قبائیلیوں میں زمینات کے پٹے تقسیم کرتے ہوئے انہیں سماجی اور معاشی طور پر مضبوط کیا جاسکتا ہے ۔ نکسلائیٹس سے متاثرہ 10 ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور بی جی پیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ تمام ریاستیں آندھراپردیش کے گرے ہانڈس کے خطوط پر اپنی پولیس فورس تیار کریں ۔ نکسلائیٹس سے سب سے زیادہ چھتیس گڑھ ، جھارکھنڈ ، بہار اور اڑیسہ متاثر ہیں ۔ انہوں نے سی پی آئی ماؤسٹوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے کو خارج امکان قرار دیا اور کہا کہ کسی بھی قسم کی انتہاپسندانہ کارروائیوں کا موثر جواب دیا جائے گا ۔