نئی دہلی۔/18ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام )بائیں بازو کی جماعتوں نے بی جے پی رکن ترون وجئے سے نکسلائیٹس کو دہشت گرد قرار دینے پر معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے اور بتایا کہ کمیونسٹ نظریہ دہشت گردی کی کسی بھی شکل سے کوسوں دور ہے۔راجیہ سبھا میں یہ مسئلہ اُٹھاتے ہوئے سی پی آئی کے ڈی راجہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں ترقی کے حوالے سے وجئے نے یہ ریمارک کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت کمیونسٹ ہمیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے اور تحریک آزادی کے دوران بائیں بازو کے ارکان نے گرانقدر رول ادا کیا اور اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ تاہم نائب صدر نشین پی جے کورین نے بتایا کہ مذکورہ ریمارکس ریکارڈ سے خارج کردیا گیا ہے۔ لیکن مسٹر ڈی راجہ نے کہا کہ ریمارک حذف کردینا کافی نہیں ہے اور بی جے پی رکن سے معذرت خواہی کا اصرار کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ تم کس طرح کمیونسٹوں پر دہشت گردی کا الزام عائد کرسکتے ہو، تم کمیونسٹوں کو دہشت گردوں سے جوڑ نہیں سکتے۔ سیتا رام ایچوری ( سی پی ایم ) نے بھی اس ریمارک پر معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ تاہم نائب صدر نشین کورین نے بتایا کہ ریمارکس کو پہلے ہی حذف کردیا گیا ہے اور کرسی صدارت سے معذرت خواہی کیلئے رکن کو ہدایت نہیں دی جاسکتی ۔ بی جے پی رکن وجئے ترون نے کہا کہ وہ ڈی راجہ کا احترام کرتے ہیں ، میرا ارادہ کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا اور ہمارا تعلق نظریاتی جماعتوں سے ہے۔ انہوں نے معذرت خواہی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں کام کرچکے ہیں جہاں پر خود نکسلائیٹس کا دعویٰ ہے کہ وہ مارکس اور لینن کے کٹر حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیفٹ ارکان کے خلاف نہیں ہیں ۔ چونکہ ان کا ارادہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا لہذا معذرت خواہی کے حق میں نہیں ہیں۔