نکسلائیٹس کا گھات لگاکر حملہ ، مقامی کارکنوں کی منصوبہ بندی

رائے پور۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ماؤسٹوں کا گھات لگاکر مہلک حملہ جس میں سی آر پی ایف کے 14 سپاہیوں کی جانیں چھتیس گڑھ کے ضلع سکھما میں ضائع ہوگئیں، مقامی نکسلائیٹس قائدین کی زیرنگرانی کیا گیا تھا جو گزشتہ چند دن سے جنوبی بَستر میں عارضی قیام کئے ہوئے ہیں۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ انہیں کئی معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ خوفناک ماؤسٹ قائدین جو ڈنڈا کرنیا علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں، جنوبی بستر۔ سکھما، بیجا پوراور نارائن پور کے جنگلات میں اجلاس منعقد کررہے ہیں، کثیر تعداد میں نکسلائیٹس کی خودسپردگی اور نکسلائیٹس کارکنوں کی گرفتاریوں پر گزشتہ چند ماہ سے نکسلائیٹس قائدین فکرمند ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے جو مخالف نکسلائیٹس کارروائیوں میں شامل ہے، کہا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ منصوبہ بند تھا اور ان ہی گروپ قائدین کی جانب سے کیا گیا تھا جو مقامی نچلی سطح کے حامیوں کی تائید حاصل کررہے ہیں، تاہم عہدیدار نے ماؤسٹوں کی ڈنڈا کرنیا خصوصی علاقائی کمیٹی کے سیکریٹری رامنا کے ملوث ہونے کے امکانات کو مسترد بھی نہیں کیا۔ وہ اس علاقہ کے نامور ماؤسٹ قائد ہیں۔ ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً 150 مسلح نیم فوجی جنگجو کارکن تین سمتوں سے کسال پاڑہ اور ایلما گوڑہ کے جنگلات میں مورچے سنبھالے ہوئے تھے۔ ان کی مدد تقریباً 100 نیم فوجی جنگجو اور مقامی دیہاتوں کے سنگھم کی تائید حاصل تھی۔ بادی النظر میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ ہلکی مشین گنیں کارکنوں نے استعمال کی تھیں جس کی وجہ سے صیانتی عملہ کو نقصان پہونچا۔ انکاؤنٹر کے بعد نکسلائیٹس نے تین یو بی جی ایل، بکتر بند AK-47 ،7 AK-47 رائفلیں، انساس۔ ایل ایم جی، ایک انساس، ایک بلیٹ پروف جیاکٹ ، ایک جی پی ایس، ایک دوربین، ایک مونوپیاک اور کئی گولہ بارود جوکہ AK-47 ، انساس اور انساس ۔ ایل ایم جی میں استعمال کیا جاتا ہے، سی آر پی ایف کے سپاہیوں سے چھین لیں اور گھنے جنگلات میں فرار ہوگئے۔ سرکاری عہدیداروں نے اس واقعہ کی سراغ رسانی میں ناکامی کے امکانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ معمول کا علاقہ جو نکسلائیٹس کی سرگرمیوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور گزشتہ کئی ہفتے سے جہاں ان کی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ اس کے بارے میں کوئی خصوصی معلومات حاصل نہیں تھی۔ دریں اثناء پورے نکسلائیٹ زیراثر علاقوں میں حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ نکسلائیٹس نے کل گھات لگاکر صیانتی فوجیوں پر حملہ کیا تھا۔