گڑھ چرولی 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نکسلائیٹس نے کولسے گودام دیہات کے ایک نوجوان کو قتل کردیا جسے انہوں نے چند دن قبل اغواء کیا تھا ۔ نکسلائیٹس نے رویندر شنکر سُنکری عمر 24 سال ولد پولیس پٹیل کو پولیس کا مخبر ہونے کا شبہ کرتے ہوئے 16 مئی کو اغواء کرلیا تھا ۔ پولیس کے بموجب یہ نوجوان درحقیقت اسپیشل پولیس عہدیدار 2013 سے ستمبر 2014 تک تھا۔15 مسلح نکسلائٹس نے اس کی قیام گاہ سے اس کا اغواء کرلیا تھا ۔ پولیس اس کی تلاش میں مصروف تھی جس کے دوران قریبی جنگل میں اس کی نکسلائیٹس سے جھڑپ بھی ہوئی تھی جس میں چند نکسلائٹس زخمی ہوئے تھے ۔ اسی حملے کا انتقام لینے انتہا پسندوں نے رویندر کو قتل کردیا ۔ اس کی نعش کے قریب نکسلائیٹس نے ایک ورقیہ چھوڑا جس میں تحریر تھا کہ ایس پی او ہونے کی وجہ سے ایک قتل کیا گیا ہے۔