نئی دہلی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج شعبہ صنعت سے اپیل کی کہ وہ بائیں بازو کی انتہاء پسندی سے متاثرہ علاقوں اور شمال مشرقی ریاستوں میں نوجوانوں کی فنی مہارتوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرے۔ وزیر مملکت برائے فروغ مہارتیں و صنعتکاری سربنندا سونووال نے فکی کے زیراہتمام عالمی مہارتیں چوٹی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے شعبہ صنعت پر زور دیا کہ وہ صلاحیتوں کی شناخت کیلئے ہی نہیں بلکہ ترجیحی بنیادوں پر روزگار کی فراہمی، تنخواہوں میں اضافہ اور کمپنیوں میں ملازمین کیلئے ایسا ماحول پیدا کرنے کیلئے زور دیا جس میں ملازمین، ماہرین بلکہ بہترین ماہرین میں تبدیل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا صرف اجتماعی کارروائی اور تمام مفادات رکھنے والے افراد کی مرتکز منصوبہ بندی کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ اس سے اس علاقہ میں بہتر مستقبل کی امید پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کی صورتحال سے راست واقفیت رکھنے کی وجہ سے وہ شعبہ صنعت کو تیقن دیتے ہیں کہ ان علاقہ کے نوجوانوں میں کافی صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے شعبہ صنعت پر زور دیا کہ وہ ان کی صلاحیتوں کو ترقی دینے میں اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے دوسروں کیلئے ایک مثال قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے شعبہ صنعت اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز کے علاوہ اسکولی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت دونوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت مہارتوں کی ترقی کی کوششوں کا خیرمقدم کرے گی اور انہوں نے کہا کہ حالانکہ خواتین ملک کی آبادی کا قابل لحاظ حصہ ہیں۔ معاشی فروغ میں ان کی شمولیت محدود ہے۔ یہ رویہ تبدیل ہونا چاہئے۔ تمام افراد کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہئے تاکہ وہ اپنی فنی مہارتوں کو فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیقن دیتے ہیںکہ جغرافیائی اختلافات بہت جلد ختم ہوجائیں گے اور جلد ہی متوازن ترقی کا رویہ زیادہ ثمرآور ثابت ہوگا۔