سابق معتمد داخلہ کے بیان کی مذمت ، لیاقت شاہ مقدمہ تحقیقات نامکمل
نئی دہلی ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج نکسلائیٹس کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی کہ وہ اصل دھارے میں شامل ہوجائیں اور انہیں تیقن دیاکہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے گا۔ سابق مرکزی معتمد داخلہ آر کے سنگھ کے بیان کی مدمت کرتے ہوئے شنڈے نے کہا کہ انہیں اپنے مبینہ تبصرہ کی وضاحت کرنی چاہئے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے اپنے عہدیداربالا سے تکراریں ہوچکی ہیں۔ ان کا اشارہ مرکزی وزیرداخلہ سمت تھا۔ آر کے سنگھ گذشتہ ماہ بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کابینی معتمد نے ان کے خلاف ایک شکایت کی تھی۔ شنڈے نے ان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے تبصرہ کی وضاحت کرنا چاہئے اور اس کا ثبوت بھی پیش کرنا چاہئے۔
مرکزی وزیرداخلہ نے ان حالات کی این آئی اے کی جانب سے تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے جن کے نتیجہ میں مبینہ حزب المجاہدین عسکریت پسند لیاقت شاہ گرفتار کیا گیا تھا، کہا کہ لیاقت شاہ کے مقدمہ کی تحقیقات ہنوز نامکمل ہے۔ اپنی بات کی وضاحت کے بغیر شنڈے نے کہاکہ دہلی پولیس یا صیانتی محکموں کے اس معاملہ میں ملوث ہونے کا فیصلہ تحقیقات کی تکمیل کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے۔ این آئی اے ان حالات کی تحقیقات کررہا ہے جن کے نتیجہ میں لیاقت شاہ کی گرفتاری ممکن ہوسکی تھی جبکہ وہ گذشتہ سال پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے واپس آرہے تھے جبکہ جموں و کشمیر پولیس کا دعویٰ ہیکہ وہ ہتھیار ڈالدینے کیلئے واپس ہورہے تھے لیکن 20 مارچ 2013 کو گورکھپور میں ان کے خاندان کے ساتھ دہلی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
پنجاب میں 12 جنوری سے قومی یوتھ فیسٹیول کا آغاز
نئی دہلی ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لدھیانہ میں 18 ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا انعقاد 12 تا 16 جنوری کو ہوگا۔ یاد رہے کہ ہر سال 12 جنوری کو سوامی ویویکانند کی یوم پیدائش کو بطور قومی یوتھ ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ حکومت ہند اور حکومت پنجاب کی وزارت امور نوجوانان و اسپورٹس کی جانب سے فیسٹیول منعقد کیا جارہا ہے، جس میں زائد از 5000 نوجوان شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں وزیراطلاعات و نشریات منیش تیواری مہمان اعزازی ہوں گے، جس کی صدارت پنجاب کے ڈپٹی چیف منسٹر سکھبیر سنگھ بادل کریں گے جبکہ 16 جنوری کو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں مختلف مقابلوں کے شرکاء کو انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔