نکسلائٹس کا 8 نومبر کو تلنگانہ بند

ٹی آر ایس حکومت پر این ٹی آر کے نقش قدم پر چلنے ماؤنوازوں کا الزام

حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی حکومت پالیسیوں اور حکومت کی نا اہلی کے خلاف ماویسٹ پارٹی نے 8 نومبر کو تلنگانہ بند کا اعلان کیا ہے ۔ اخبارات اور میڈیا کے دفاتر کو روانہ کردہ اپنے ایک بیان میں پارٹی کے ریاستی نمائندے جگن نے بند منانے کا اعلان کیا ہے اور سی پی آئی ( ماویسٹ ) کا یہ بند ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیوں اور نا اہلی کے خلاف ہوگا ۔ اپنے بیان میں جگن نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نہ صرف ماویسٹوں بلکہ عوام سے کئے ہوئے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔ کے سی آر کے رویہ پر برہم ماویسٹ پارٹی نے ان پر الزام لگایا ہے کہ وہ این ٹی آر کے نقش قدم پر عمل پیرا ہے ۔ سابق میں اقتدار کے لیے این ٹی آر نے نکسلائٹ کو محب وطن قرار دیا تھا ۔ کے سی آر نے بھی ماویسٹ ایجنڈہ ہی ٹی آر ایس کا ایجنڈہ کہتے ہوئے اقتدار حاصل کرلیا اور اب ماویسٹوں اور عوامی تحریکوں کے خلاف کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ عادل آباد سے کھمم تک جنگلات میں گرے ہاونڈس کے آپریشن کروارہی ہے اور ان اضلاع کے آدیواسی قبائل میں گرے ہاونڈس سے کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں حکومت نے زرعی شعبہ کو یکسر طور پر نظر انداز کردیا ہے اور کمزوری کا شکار اس اہم ترین شعبہ سے اپنی لاپرواہی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ہر قسم کی آزادی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی بات کرنے والی ٹی آر ایس حکومت نے انتہائی افسوسناک اقدام کیا ہے ۔ پیپلز وار گروپ سے قومی سطح پر اتحاد کرتے ہوئے ماویسٹ پارٹی کی شکل اختیار کرنے والی پارٹی کی کامیابیاں اور کارناموں پر عوامی ردعمل کے لیے منعقدہ پروگرام کو حکومت نے روک دیا ۔ راتوں رات عوامی نمائندوں ، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے وابستہ افراد کو ان کے مکانات پر نظر بند کردیا ۔ حکومت نے 21 ستمبر کے پروگرام کو ناکام بناتے ہوئے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔ جب کہ دیگر ریاستوں سے آئے اس پروگرام میں شرکت کے لیے نمائندوں اور فنکاروں کو زبردستی گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ماویسٹ پارٹی کے نمائندے نے پولیس پر سیاسی بیان بازی کا الزام لگایا اور کہا کہ حکومت پولیس کے ذریعہ اعلانات کروا رہی ہے کہ پروگرام کی اجازت نہیں ہے ۔ عوامی نمائندوں سے چیف منسٹر نے ملاقات کرنے سے انکار کردیا ۔ ماویسٹ پارٹی قائد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تیسرے مرحلہ کے گرے ہاونڈس آپریشن کو ناکام بنائیں جو کہ مرکزی اور ریاستی نیم فوجی دستوں کی عوام کے خلاف جنگ کے مترادف ہے انہوں نے 8 دسمبر کے بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔۔