نکاراگوا میں پر تشدد مظاہرے ،15 افراد ہلاک

مناگوا، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) وسطی امریکی ملک نکاراگوا میں صدر ڈینیل ایرٹیگا کے خلاف گزشتہ ایک ماہ سے جاری احتجاجی مظاہرے کے دوران چہارشنبہ کو تشدد میں 15 افراد ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہو گئے ۔ نکاراگوا پولیس نے آج یہ اطلاع دی ۔ وسطی امریکی ملک کے کیتھولک بشپ کی ایپسکوپل تنظیم نے اس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اسے ” منظم جارحیت” قرار دیا ہے ۔ تنظیم نے حکومت کے ساتھ جمعرات کو طے شدہ مذاکرات کو ملتوی کر دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق نکارگوا میں چہارشنبہ کو ’یوم مادران‘کے موقع پر حکومت کی حمایت میں مسلح گروپوں نے ریلی نکالنے والے مظاہرین پر گولیاں چلائیں جس سے 15 افراد ہلاک ہوگئے اور 200 سے زیادہ زخمی ہو گئے ۔ یہ ریلی ایک ماہ سے جاری احتجاج میں مارے گئے بچوں کی یاد میں منعقد کی گئی تھی۔