نڈال یو ایس اوپن سے باہر، جوکویچ کی کوارٹر فائنل میںرسائی

نیویارک ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک نواک جوکویچ عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ اسپین کے رفائل نڈال سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ جوکویچ نے عالمی نمبر 84 کائل ایڈمنڈ کو سیدھے سٹوں میں 6-2، 6-1، 6-4 سے شکست دے کر باآسانی قطعی آٹھ کے مرحلے تک رسائی حاصل کی۔ ڈیفنڈنگ چمپئن کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں فرانس کے جو ولفریڈ سونگا سے ہو گا جنہوں نے امریکہ کے جیک سوک کو 6-3، 6-3، 6-7، 6-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دریں اثناء 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن نڈال کو فرانس کے عالمی نمبر 25 لوکاس پاؤلے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ
گئے ہیں۔ پانچ سٹ پر محیط اُتار چڑھاؤ والے میچ میں 22 سالہ لوکاس نے 6-1، 2-6، 6-4، 3-6، 7-6 سے زیر کرکے اسپینی اسٹار کا 15واں گرانڈ سلام ایونٹ جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔ فرانس کے ہی گائل مونفلس نے مارکوس بغداتیس کو 6-3، 6-2، 6-3 سے شکست دے کر آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی اور اس کے ساتھ ہی یہ 1947ء کے بعد پہلا موقع ہے جب تین فرانسیسی کھلاڑیوں نے کسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہو۔ لوکاس کا کوارٹرز میں ہم وطن 10 سیڈ مونفلس سے مقابلہ رہے گا۔
کربر ، ووزنیاکی ، سیواستوا بھی کوارٹرز میں داخل
ویمنس سیکشن میں انجلیک کربر ، کیرولین ووزنیاکی اور انستاسیا سیواستوا بھی کوارٹر فائنلز میں پہنچ چکی ہیں۔ خواتین کے
پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جرمنی کی کربر نے جمہوریہ چیک کی پیترا کویتوا کو 6-3، 7-5 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ دیگر میچ میں ڈنمارک کی ووزنیاکی کامیاب رہیں۔ سابق عالمی نمبر 1 نے امریکی میڈیسن کیز کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ دریں اثناء سیواستوا 22 سال میں کسی گرانڈ سلام کوارٹر فائنل میں جگہ پانے والی پہلی لاٹویائی خاتون بنیں جب انھوں نے برطانوی 13 ویں سیڈ یوہانا کونتا کو 6-4، 7-5 سے ہرایا۔ 26 سالہ عالمی نمبر 48 نے فرنچ اوپن چمپئن اور تھرڈ سیڈ گاربین موگوروزا کو سکنڈ راؤنڈ میں شکست دی تھی۔ لاریزا ساؤچنکو آخری لاٹویائی خاتون تھی جس نے 1994ء میں ومبلڈن کے کوارٹرز میں رسائی پائی تھی۔ اطالوی ساتویں سیڈ رابرٹا ونسی بھی یوکرین کی لیزیا سورنکو کو 7-6(7/5)، 6-2 سے ہرا کر کوارٹرز میں پہنچ گئی۔