نپاہ وائرس۔دانتوں کے کاٹنے کے نشانات والے پھل نہ خریدنے کا مشورہ

حیدرآباد 23 مئی ( یو این آئی) حیدرآباد میں سرکاری انتظامیہ نے عوام کومشورہ دیا ہے کہ وہ نپاہ وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں چمگاڈروں اورخنزیروں کی کمی ہے جس کے ذریعہ یہ مرض پھیلتا ہے تاہم ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت افسرکے پدمجا نے عوام کو انتباہ دیا کہ وہ چمکاڈرکے استعمال کئے ہوئے پھل کا استعمال نہ کریں کیونکہ ایسی صورت میں یہ وائرس اس پھل کو کھانے والے میں پھیل جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی بھی پھل خریدنا چاہتے ہیں تو وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس پھل میں کوئی دانتوں کے کاٹنے کے نشانات نہ ہوں ۔ عوام ان مقامات سے دور رہیں جہاں خنزیرگھوما کرتے ہیں۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ حفظان صحت کا خیال رکھیں ۔ اس وائرس کے تعلق سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔محکمہ صحت کے افسروں کی جانب سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرالوجی پونے سے مدد لی جارہی ہے تاکہ اس وائرس کے تعلق سے مزید معلومات حاصل کی جاسکیں اور اس کے پھیلنے کی صورت میں احتیاطی اقدامات کئے جاسکیں ۔سینئر ریجنل ڈائرکٹر فار ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر و ایر پورٹ ہیلت آرگنائزیشن سربراہ ایم انورادھا نے کہاکہ شہر حیدرآبا د کے شمس آباد ایرپورٹ پر کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے ۔یہ وائرس تاحال صرف کیرل تک ہی محدود ہے ۔