مرکز نے 167 کروڑ روپئے جاری کئے
نئی دہلی ۔26 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزارت داخلہ نے نو ریاستوں کو 167 کروڑ روپئے جاری کئے تاکہ بین الاقوامی سرحدات پر انفراسٹرکچر کی ترقی ہر اول علاقوں میں کی جاسکے ۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ راجستھان اور پنجاب جن کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ متصل ہیں اس سے استفادہ کریں گی ۔ مغربی بنگال اور آسام جن کی سرحد بنگلہ دیش سے متصل ہے اس رقم سے فائدہ اُٹھاسکیں گی ۔ 167 کروڑ روپئے حال ہی میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے میگھالیہ ، پنجاب ، راجستھان ، بہار ، سکم ، تریپورہ ، آسام ، ہماچل پردیش اور مغربی بنگال کے لئے سرحدی علاقہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری کردی گئی ہیں۔ مکمل طورپر مرکزی حکومت کی امداد سے یہ پروگرام تمام دیہاتوں کا احاطہ کرے گا جو بین الاقوامی سرحد سے صفر تا 10 کیلومیٹر کے فاصلے کے اندر 17 ریاستوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ تاہم ترجیح اُن دیہاتوں کو دی جائے گی جن کی شناخت سرحدی محافظ فوج کی جانب سے انفراسٹرکچر کی تیز رفتار ترقی کیلئے کی جاچکی ہے ۔ یہ اسکیمیں جو اس پروگرام کے تحت اجازت یافتہ ہیں اُن میں صفائی کی مہم ، فروغِ مہارتیں پروگرام ، فروغِ اسپورٹس سرگرمیاں ، دیہی سیاحت کا فروغ ، سرحدی سیاحت کا فروغ اور تہذیبی ورثہ کے حامل مقامات کا تحفظ وغیرہ شامل ہیں۔