نئی دہلی / مسوری، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے زیر تربیت آئی اے ایس افسران سے پوری لگن اور وفاداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے نئے ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی اپیل کی۔ راجناتھ سنگھ آج مسوری میں لال بہادر شاستری قومی اکیڈمی میں تربیت لینے والے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے زیر تربیت افسران سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ انہیں عوام کی مدد کے لئے سخت جدو جہد کرنی ہوگی اور اسی کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں اعتماد پیدا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایشور کی مہربانی سے انہیں انسانیت کی خدمت کا موقع ملا ہے ۔ ایسے میں انہیں ہر اس شخص کی مدد کے لئے تیار رہنا ہوگا جو اپنے مسائل لے کر ان کے پاس پہنچے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ کو عوام کے مسائل کو ٹالنے کے بجائے ، ان کے فوری حل کرنے کے اقدامات کرنے ہوں گے۔ کسی فرد خاص کی مدد کرنے کے بجائے ، پورے نظام کو ایسا کر نا گا جس میں سب لوگوں کے مسائل کا حل نکالا جا سکے ۔ انہوں نے حکام سے گھمنڈسے دور رہ کر اپنا کام نرمی و انکساری کے ساتھ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں انہیں اعلی اصولوں اور انسانی اقدار کو اپناتے ہوئے ایک مثال قائم کرنا چاہئے۔ انہوں نے حکام کے لئے ایک بہتر مستقبل کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے انہیں عوامی زندگی میں انتہائی محتاط اور چوکنا رہنے کی بھی صلاح دی۔