ممبئی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا حکومت نے نوی ممبئی کے 2,140 ہیکٹرس کو خصوصی معاشی زون میں تبدیل کردینے کا فیصلہ کیا ہے جو مکمل طور پر انڈسٹرئیل علاقہ میں بدل جائے گا۔ یہ فیصلہ چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کی کابینہ نے گزشتہ شام کو لیا۔ اس کے ساتھ ہی نوی ممبئی اسپیشل اکنامک زون کے درجہ کیلئے درخواست داخل کرنے کا اہل ہوجائے گا۔ چیف منسٹر آفس سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق اگرچیکہ مرکزی حکومت نے خصوصی معاشی زون کیلئے حتمی فیصلہ کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی ہے تاہم ریاستی حکومت نے مرکز سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کو فی الحال زیرالتواء رکھے۔