نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں اصلاحات

حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت نویں اور دسویں کلاس کے امتحانات کے طریقہ کار میں تبدیلی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ قانون ساز کونسل میں کے پربھاکر اور ایس راملو نائیک ( ٹی آر ایس ) کے سوال پر جگدیش ریڈی نے کہا کہ نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات میں اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا اور تعلیمی سال 2014-15سے عمل آوری کی تجویز ہے۔ امتحانات کے سلسلہ میں اصلاحات کا مقصد طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید اُجاگر کرنا ہے۔ اصلاحات کے ذریعہ طلبہ کو سوالات کے جوابات یاد کرنے، گائیڈ اور اسٹڈی میٹریل کے استعمال کی زحمت سے بچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی مجموعی صلاحیتوں کے اعتبار سے نشانات دیئے جائیں گے اور امتحانات میں بعض غیر نصابی سرگرمیوں کو بطور مضمون شامل کیا جاسکتا ہے جن میں ڈرائینگ، اسپورٹس جیسے شعبے شامل ہیں۔