نویڈا میں جبری وصولی کیس میں 3صحافی اورایک کانسٹبل گرفتار

نویڈا۔(یو پی ) ۔30جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) حکام کے مطابق چہارشنبہ کو پولیس نے جبری وصولی اور رشوت کے الزام میں تین صحافیوں اور ایک پولیس والے کو گرفتار کرلیا ۔ سینئر ایس ایس پی وائی بھوکرشنا کے مطابق سیکٹر 20پولیس اسٹیشن کے کانسٹبل منوج کمار پنت ، صحافی سشیل پنڈت ، ادت گوئل اور رمن ٹھاکور کو سیکٹر 20پولیس اسٹیشن میں 8لاکھ روپئے رشوت قبول کرنے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ مسٹر کرشنا کے مطابق یہ رقم ایک لال سنٹر کے مالک سے یہ کہہ کر وصول کی گئی کہ اس کا نام نومبر 2018ء میں رجسٹرڈ ایف آئی آر سے حذف کردیا جائے گا اور ایک صحافی کے پاس سے مرسیڈیز کار بھی ضبط کی گئی اور ایک دوسرے صحافی کے پاس سے 32بور کی ایک پستول کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ اس کے علاوہ سیکٹر 20پولیس اسٹیشن کے اڈیشنل ایس ایچ او کو بھی اس کیس میں ملوث رہنے پر معطل کردیا گیا ۔