پٹنہ۔22مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے نوٹ کی منسوخی کے بعد بہار عوامي کوآپریٹو بینک میں تقریبا 10 لاکھ روپے جمع کرانے کے معاملے میں آج ریاست کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی سے پوچھ گچھ کی۔راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کے قریبی ممبر اسمبلی بھولا یادو نے یہاں بتایا کہ سی بی آئی حکام نے نوٹ کی منسوخی کے بعد بینک میں تقریبا دس لاکھ روپے جمع کرانے کے معاملے میں بطور گواہ ان سے پوچھ گچھ کی ہے ۔ پوچھ گچھ کے دوران سابق وزیر اعلی نے حکام کو بتایا کہ مویشیوں کا دودھ بیچ کر اکٹھا کئے گئے روپے کو نوٹ کی منسوخی کے بعد انہوں نے بینک میں جمع کروایا تھا۔ سابق وزیر اعلی نے حکام کو یہ بھی بتایا کہ اس سے متعلق معلومات انہوں نے داخل شدہ انکم ٹیکس ریٹرن میں بھی دی تھی۔ممبر اسمبلی نے بتایا کہ سی بی آئی افسر قریب 20منٹ تک رابڑی دیوی کے دس سرکلر روڈ پر واقع رہائش گاہ پر رہے اور پھر انکم ٹیکس ریٹرن دیکھنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ۔ قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں سی بی آئی نے دو دن پہلے ہی رابڑی دیوی کو نوٹس بھیجا تھا۔