وزیراعظم کا قوم سے خطاب مایوس کن ، وی ہنمنت راؤ کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ نوٹ بندی کے 50 دن مکمل ہونے کے بعد ملک کے عوام نے وزیراعظم نریندر مودی کے قوم سے کیے جانے والے خطاب کو اس طرح دیکھا جیسا کہ ہند پاک کرکٹ کا فائینل میچ ہورہا ہے ۔ مگر راحت نا ملنے پر عوام میں مایوسی پیدا ہوگئی وہ 3 اور 4 جنوری کو رامنتا پور سے ورنگل تک بس یاترا منظم کرتے ہوئے عوامی مسائل کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ 8 نومبر کو 500 اور 1000 روپئے کی نوٹوں کو منسوخ کرنے کے دوران وزیراعظم نے ملک کے عوام کو صرف 50 دن تک صبر کرنے اور ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی تھی ۔ عوام نے کئی مسائل کے باوجود صبر کیا اور نوٹ بندی کا ساتھ بھی دیا ہے ۔ ملک کے عوام وزیراعظم سے راحت کی امید کررہے تھے ۔ مگر وزیراعظم کے خطاب نے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ کانگریس نے کسانوں کا قرض معاف کیا تھا ۔ نریندر مودی نے نقصانات سے دوچار ہونے والے کسانوں کے صرف 2 ماہ کا سود معاف کیا ہے ۔ حاملہ خواتین اور مکانات تعمیر کرنے والے غریب عوام کے لیے راحت اور سبسیڈی کی پہلے سے جو اسکیمات تھی اس پر ہی عمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بڑے کارنامے کو انجام دینے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی ہدایت پر وہ 3 اور 4 جنوری کو دور درشن رامنتا پور سے ورنگل تک بس یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے نوٹ بندی سے پریشان عوام کا دکھ درد بانٹنے کی کوشش کریں گے ۔ افتتاحی پروگرام میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ دیگر سینئیر قائدین شرکت کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بدعونانیوں کا خاتمہ کرنے کی مہم شروع کرنے کا دعویٰ کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی خود بدعنوان ہیں جب وہ گجرات کے چیف منسٹر تھے انہوں نے سہارا گروپ سے 40 کروڑ اور برلا گروپ سے 25 کروڑ روپئے کی رشوت قبول کی تھی ۔ تمام ثبوتوں کے ساتھ راہول گاندھی نے حقائق کو منظر عام پر لایا ہے ۔ تاہم وزیراعظم نے اس پر پارلیمنٹ یا پارلیمنٹ کے باہر کوئی وضاحت نہیں کی ہے ۔ آر ایس ایس ملک کو تقسیم کرنے کے دہانے پر لے جارہی ہے ۔ نریندر مودی کا ریمورٹ کنٹرول آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت کے ہاتھ میں ہے ۔ موودی وہی کررہے ہیں جو آر ایس ایس چاہتی ہے ۔۔