نوٹ بندی کے سبب یو اے ای میں تارکین وطن پریشان

دوبئی ۔ 28 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں نوٹ بندی کی وجہ سے نقد رقم کی مسلسل قلت کے باعث یو اے ای میں تارکین وطن کو یہاں اپنے ارکان خاندان کو رقم بھیجنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ گلف نیوز کی ایک اطلاع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بڑی کرنسی کا چلن بند کرنے کے اعلان کے بعد سے بیشتر خاندانوں کو مشکل حالات کا سامنا ہے ۔ ابوظہبی میں ایک انشورنس کمپنی سے وابستہ شمشیرسنگھ نے بتایا کہ وہ گھر کے اخراجات کے لئے ہر ماہ اپنی محنت کی رقم روانہ کرتا ہے ، لیکن اس بار اُن کا بیٹا بینک میں طویل قطاروں کے باعث اب تک رقم حاصل نہیں کرپایا ۔ انھوں نے کہاکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے یہاں کام کررہے بیشتر ورکرس کا انسٹنٹ منی ٹرانسفر پر انحصار ہے ۔ وہ دوردراز کے دیہاتوں تک بھی رقم پہونچاتے ہیں جہاں بینک کی کوئی برانچس نہیں ۔ یہاں ہندوستانی ورکرس کافی اُلجھن کا شکار ہیں ۔ نقد رقم کی قلت نے ہندوستان میں رقمی ادائیگی کے تعلق سے بحران کی کیفیت پیدا کردی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستانی تارکین وطن کو رقمی زر مبادلہ کا ایک بہترین موقع بھی فراہم ہوا ہے کیونکہ روپئے کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس وقت روپئے کی قدر گرکر ڈالر کے مقابلے 68.86 ہوگئی جبکہ درہم کے مقابلے یہ قدر 18.58 روپئے کے آس پاس ہے ۔ اس کے باوجود کئی لوگ اپنی رقم ہندوستان بھیج نہیں پارہے ہیں۔ منی ایکسچینج کے ایک ملازم نے بتایا کہ جب کبھی اس طرح روپئے کی قدر میں گراوٹ ہوتی ہے تو رقم بھیجنے والوں کا ہجوم دیکھا جاتا ہے لیکن اس بار صورتحال بالکل برعکس ہے ۔