نوٹ بندی کے خلاف لب کشائی پر زبان بندی کی کوشش

ترنمول کانگریس کے خلاف فاشسٹ حملے، ممتا بنرجی اور مکل رائے کا الزام
ہلدیہ(مغربی بنگال) ۔ 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی کے مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج صنعتی امن کی پرزور وکالت کی اور کہا کہ صنعتوں کے تحفظ اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہاں اکسائیڈ انڈسٹریز کے ماڈرن بیاٹری پلانٹ کی افتتاحی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہ صرف صنعتوں کے ساتھ تعاون بلکہ اس کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات کرنا ہوگا۔ جبکہ ملازمین اور انتظامیہ کے درمیان خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہئے۔ نوٹ بندی کے اقدام پر وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے صنعتی شعبہ بدترین دور سے گزررہا ہے۔ مغربی بنگال جو کہ چھوٹی اور اوسط صنعتوں کے اعتبار سے سرفہرست ریاست ہے۔ نوٹ بندی کے باعث افراتفری اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ اور نہ ہی جرمنی صد فیصد کیش لیس (نقد رقم کے بغیر لین دین) ہیں جبکہ ہندوستان میں 92 فیصد علاقہ تک بینکوں کی رسائی نہیں ہے۔ نریندر مودی پر بالراست انگشت نمائی کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بحیثیت سیاستدان ہمیں عام آدمی کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ ہندوستان میں حکومت، عوام کے لئے اور عوام کے ذریعہ تشکیل پاتی ہے اور یہاں آمروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اب ہمیں ملک کو تباہی سے بچانے کی ضرورت ہے۔ اس مسئلہ پر ممتا بنرجی نے یہ اعلان کیا ہے کہ حکومت مذکورہ پلانٹ کے لئے 25 ایکڑ اراضی فراہم کرے گی۔ اکسائیڈ انڈسٹری، امریکی فرم کے تعاون سے نئے پلانٹ میں 700 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گی جہاں پر دور جدید کی کاروں کیلئے طویل عرصہ تک چلنے والی بیاٹریاں بنائی جائے گی۔ دریں اثناء چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں سی بی آئی کی جانب سے ترنمول کانگریس ایم پی پنیاس پال کی گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سکریٹری مکل رائے نے آج یہ ادعا کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پارٹی کو مزید فاشسٹ حملوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیوں کہ نوٹ بندی کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کرنے پر سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ مکل رائے جنہیں شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں سی بی آئی نے جنوری 2015 ء پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا تھا کہا کہ آنے والے دنوں میں فاشسٹ حملوں میں تیزی آسکتی ہے کیوں کہ ہم نے مرکز کے عوام دشمن فیصلوں کی شدید دمخالفت شروع کردی ہے۔ انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ مرکزی اداروں (ایجنسیوں) کو حریفوں کے خلاف سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جواب دینے سے قاصر ہیں جبکہ پارٹی کے صدرنشین پہلے ہی وضاحت کردی ہے کہ سی بی آئی نے روز ویلی چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں 27 ڈسمبر کو ترنمول کانگریس ارکان پارلیمنٹ سدیپ بندو اپادھیائے اور تپاسی پال کو سمن جاری کیا ہے۔