نوٹ بندی کے بعد پیش کردہ بجٹ انتہائی مایوس کن

ملک کی معاشی صورتحال ابتر، وزیراعظم نے نوٹ بندی کا تذکرہ بھی نہیں کیا: جئے پال ریڈی
حیدرآباد۔2 فبروری (پی ٹی آئی) مرکزی بجٹ نے سماج کے تمام طبقات کو مایوس کیا ہے کیوں کہ نوٹ بندی کے بعد وہ راحت فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہا۔ سینئر کانگریس لیڈر ایس جئے پال ریڈی نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ مخصوص حالات میں پیش کیا گیا۔ یہ معمول کا بجٹ نہیں تھا لیکن جن حالات میں بھی اسے پیش کیا گیا اس کی وجہ سے عوام میں مایوسی بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے اب تک خاطرخواہ فوائد سامنے نہیں آئے۔ سابق مرکزی وزیر نے بتایا کہ بجٹ کی پیشکشی کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے تبصرے میں نوٹ بندی کا ذکر بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے گزشتہ ڈھائی سال کے اقتدار میں ملک کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی ہے۔ سرمایہ کاری میں کمی آئی۔ نئی صنعتوں کا قیام عمل میں نہیں آرہا ہے اور ملازمتیں بھی کم ہوگئی ہیں۔ صنعتوں میں پیداوار کی جو گنجائش پائی جاتی ہے، اس سے بھی کم پیداوار ہورہی ہے۔ ہماری معاشی صورتحال انتہائی تاریک ہے اور ایسے حالات میں نوٹ بندی نے صورتحال کو ابتر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو جو این ڈی اے حکومت کے نوٹ بندی اقدام کی بھرپور تائید کررہے تھے انہیں یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ ایسا کرنے سے آخر کیا فائدہ ہوا۔ جئے پال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو یہ بتانا ہوگا کہ تلنگانہ کے لیے اس بجٹ میں کیا فائدہ ہوا ہے۔