نوٹ بندی کے بعد دو لاکھ ڈپازیٹرس کی تفصیلات جاری کی جائیں

بینکوں کو نائب صدر وینکیا نائیڈو کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ نوٹ بندی کے بعد بینکوں میں رقم جمع کرنے والے دو لاکھ افراد کی تفصیلات جاری کرے ۔ واضح رہے کہ نوٹ بندی کے بعد انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے تقریباً دو لاکھ افراد کو نوٹ جاری کی تھی جنہوں نے اپنے بینک اکاؤنٹ میں 25 لاکھ روپئے سے زائد کی رقم ڈپازٹ کی تھی ۔ یہ رقم منسوخ شدہ 500 اور 1000 کے کرنسی نوٹس کی شکل میں جمع کی گئی تھی ۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے بعد نوٹ بندی پر مختلف گوشوں سے تنقیدیں کی جانے لگیں کیونکہ رپورٹ میں کہا گیا کہ 99 فیصد کرنسی بینکوں میں ڈپازٹ کردی گئی ہے۔ اس طرح نوٹ بندی سے بلیک منی پر قابو پانے سے متعلق حکومت کے دعوؤں پر سوال کھڑے ہوگئے۔ اسی دوران نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ نوٹ بندی کا ایک فائدہ یہ ہوا کہ غیر محسوب رقومات جو کئی افراد کے پاس جمع تھی، وہ سسٹم میں واپس آچکی ہے۔ وینکیا نائیڈو کونسل فار سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے تحت قائم کردہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی کے 75 ویں یوم تاسیس سے خطاب کر رہے تھے۔ وینکیا نائیڈو نے سائنسی اداروں میں روایتی انداز کی رکاوٹوں اور طریقہ کار میں تبدیلی کی سفارش کی اور کہا کہ ایسے اداروں کو بہتر کارکردگی کے سلسلہ میں آزادی ملنی چاہئے ۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، مرکزی وزیر سائنس و ٹکنالوجی ہرش وردھن اور تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری اور محمود علی نے تقریب میں شرکت کی۔