امراوتی 8 نومبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے نوٹ بندی کو ایک تباہی قرار دیا اور یہ ادعا کیا کہ اس معاشی جھٹکے سے ملک ابھی تک سنبھل نہیں پایا ہے جو بی جے پی حکومت کے جلد بازی میں کئے گئے فیصلوں سے لگے ہیں۔ نائیڈو نے نوٹ بندی کے دو سال کی تکمیل پر اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ نوٹ بندی کالے دھن کو تباہ کرنے کے نام پر لاگو کی گئی تھی تاہم اس نے روزگار کو ‘ بازاروں کو کاروبار کو ‘ نقدی کو اور معاشی ترقی کو تباہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کی تباہی کے دو سال کی تکمیل پر ملک ابھی تک اس معاشی جھٹکے سے سنبھل نہیں پایا ہے جو بی جے پی حکومت کے جلد بازی میں کئے گئے فیصلوں کا نتیجہ ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو 2016 میں این ڈی اے کے ساتھ تھے اور اس وقت انہوں نے اس فیصلے کی ستائش کی تھی ۔ انہوں نے اس اقدام کو کالے دھن کو ختم کرنے کی سمت بڑا قدم قرار دیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے اپنے موقف میں تبدیلی کی ۔