نوٹ بندی سے صرف ’چوکیدار‘ کے دوستوں کا بھلا ہوا:راہول

کانکیر9نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے نوٹ بندی کے معاملے میں آج ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی سے ملک کے عوام کا نہیں، بلکہ خود کو ’ملک کا چوکیدار‘ بتانے والے مودی کے دوستوں کا بھلا ہوا ہے۔ چھتیس گڑھ میں ضلع کانکیر کے پنکھاجور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ اس سے صرف چوکیدار کے دوستوں کا بھلا ہوا ہے ، جبکہ ملک کے عوام کو مشکلات کی لائن میں کھڑا کردیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی سے کالا دھن واپس لانے کہ بات کہی گئی تھی، جبکہ آج تک کالا دھن کا ایک بھی پیسہ واپس نہیں آیا ہے۔ مودی نے صرف ملک کے لوگوں کو بیوقوف بنایا ہے۔ راہول گاندھی نے نیرو مودی، وجئے مالیا، میہول چوکسی کے ملک کا پیسہ لے کر بھاگ جانے پر مودی کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صرف اپنے تاجر دوستوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، ان کے کروڑوں کا قرض معاف کررہے ہیں،

لیکن غریب کسانوں کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے لوگوں کو چونا لگانے والی کمپنیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت آنے پر کسانوں کے ساتھ ساتھ زمین سے متعلق تمام مسائل کا فوری حل تلاش کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت 10 یوم کے اندر کسانوں کے قرضے معاف کردے گی۔ چھتیس گڑھ کے موجودہ چیف منسٹر رمن سنگھ کے آبائی حلقہ راج نند گاؤں میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کو گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے لئے بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیاکہ یہ درصل ’’گبر سنگھ ٹیکس‘‘ ہے۔ 47 سالہ کانگریس سربراہ نے اجتماع کو بتایا کہ وہ جھوٹے وعدے نہیں کرنا چاہتے جیسا کہ برسر اقتدار بی جے پی نے کئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی پارٹی نے کسانوں کے تعلق سے پنجاب اور کرناٹک میں جو وعدے کئے وہ دونوں ریاستوں میں برسر اقتدار آنے کے بعد پورے کئے گئے ہیں۔ اِسی طرح چھتیس گڑھ میں بھی کرنے کا وہ ارادہ رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے یہ بھی وعدہ کیاکہ کانگریس حکومت کی تشکیل پر وہ اِس ریاست کے کسانوں کو بونس دیں گے جہاں کانگریس گزشتہ پندرہ سال سے اپوزیشن میں ہے۔ 90 رکنی چھتیس گڑھ اسمبلی میں چناؤ 12 اور 20 نومبر کو مقرر ہیں اور 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

راہول پر بی جے پی کی جوابی تنقید
دریں اثناء بی جے پی نے نوٹ بندی کے بارے میں راہول گاندھی کی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی حکومت کالا دھن کو ختم کرنے کے لئے کام کررہی ہے جبکہ صدر کانگریس اُسے بچانے کوشاں ہیں۔ بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے کہاکہ راہول کا تبصرہ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اور وہ ایک ہی اسکرپٹ طویل عرصہ سے دوہراتے جارہے ہیں۔