نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے قومی معیشت متاثر : راہول

وزیراعظم مودی کو بات سننے کی عادت نہیں، بڑی صنعتیں روزگار فراہم نہیں کرسکتیں، چھوٹی صنعتوں کی حوصلہ افزائی ضروری
راجکوٹ ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ جیسے فیصلوں پر کسی کو سنے بغیر روبہ عمل لانے پر آج نریندر مودی حکومت کی سخت مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ ان فیصلوں سے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس کے نظریہ اور بی جے پی کے نظریہ میں یہی ایک بہت بڑا فرق ہے۔ کانگریس ہر کسی کو سنتے ہوئے بڑے فیصلوں پر عمل آوری کرتی ہے لیکن یہ حکومت کسی کی بات نہیں سنتی اور جی ایس ٹی و نوٹ بندی کو روبہ عمل لائی ہے جس سے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے‘‘۔ کانگریس کے نائب صدر یہاں ہیموگندموی آڈیٹوریم میں چھوٹے و متوسط صنعتکاروں اور بزنسمین کے علاوہ ٹیچرس اور ڈاکٹرس سے بات چیت کررہے تھے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’’ہمارے پاس ممکن ہیکہ اچھے مقررین نہیں ہوں گے لیکن ہم میں لوگوں کی بات سننے، ان کے مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت ہے۔ ہم ہر تجویز پر توجہ دیتے ہیں، جس کے بعد ہی ایسے بڑے فیصلوں پر عمل آوری کی جاتی ہے لیکن اس حکومت نے ایسا نہیں کیا اور نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر عمل آوری کی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بڑی کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرنے مودی کے فیصلے نے بشمول سابق وزیراعظم منموہن سنگھ دنیا کے کئی بہترین ماہرین معاشیات کو صدمہ پہنچایا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’میں نے جب انہیں (ڈاکٹر منموہن سنگھ کو) اس ضمن میں مودی حکومت کے فیصلے سے واقف کروایا تھا، وہ فوری طور پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کرسکے تھے، انہیں سخت صدمہ پہنچا تھا‘‘۔ انہوں نے تجارتی برادری کو یقین دلایا کہ اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کو آسان بنانے کیلئے وہ حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ (مودی) کسی کی نہیں سنتے لیکن ہم ایجی ٹیشنس منظم کرتے ہوئے انہیں اپنی بات سننے کیلئے مجبور کریں گے۔ ہم (اس مسئلہ پر) وزیراعظم کی توجہ مرکوز کروائیں گے اور جی ایس ٹی ضابطوں کو آسان بنانے کیلئے آمادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی سے چھوٹی اور متوسط صنعتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ’’چھوٹی اور متوسط صنعتوں کے فروغ کے ذریعہ ہی روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ بڑی صنعتیں اس پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا نہیں کرسکتیں جس کی آج قوم کو ضرورت ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم اگر دوسروں کی بات سننا اور سمجھنا شروع کریں گے تو نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے پیدا شدہ آدھے مسائل حل ہوجائیں گے۔ کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ ’’حکومت نے تیاری کے بغیر ہی جی ایس ٹی پر عمل آوری کی۔ یہ مسودہ قانون اس وقت تیار کیا گیا تھا جب کانگریس برسراقتدار تھی لیکن بی جے پی حکومت نے چند تبدیلیوں کے ساتھ اس کو منظور کروایا‘‘۔