چیف منسٹر چندرا بابو کا اجلاس ، اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ پر پیدا شدہ حالات پر غور و خوض کرنے اور اس سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ پولیس عہدیداران آندھرا پردیش کے ساتھ اجلاس طلب کیا ۔ اس اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آندھرا پردیش مسٹر جے وی راموڈو ، انٹلی جنس چیف آندھرا پردیش شریمتی انورادھا ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو آندھراپردیش مسٹر مالاکونڈیا و دیگر عہدیداران پولیس بھی شریک تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس کی کارروائی مکمل طور پر راز میں رکھی گئی اور حکومت کے ذرائع نے بھی عہدیداران پولیس کے ساتھ این چندرا بابو نائیڈو کی ہوئی بات چیت سے متعلق اظہار خیال کرنے سے گریز کیا تاہم باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور دیگر قائدین کے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ٹیلی فون کالس ٹیپ کرنے کے پیش آئے واقعہ پر حکومت آندھرا پردیش نے سخت اعتراض اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو مکمل تفصیلات پر مبنی مکتوبات روانہ کئے تھے اور اس پر مرکزی حکومت کے ردعمل کی روشنی میں آئندہ اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔۔