حیدرآباد 18 جون (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ کیس کے ملزم متیا نے آج ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جس سے اسے عبوری راحت حاصل ہوئی ۔ ہائی کورٹ نے متیا کی گرفتاری پر 24 جون تک حکم التواء دیا اور اینٹی کرپشن بیورو کو اس سلسلہ میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ نامزد رکن اسمبلی ایلویس اسٹیفنسن کو قانون ساز کونسل انتخابات کے دوران 50 لاکھ رشوت دینے کی کوشش کرنے والے تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی کو اینٹی کرپشن بیورو نے گرفتار کیا تھا اور اس کیس میں متیا کو ملزم نمبر 4 قرار دیا تھا ۔ واضح رہے کہ متیا نے نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ملزم قرار دییئے جانے کے بعد اچانک روپو ش ہوگیا تھا اور وجئے واڑہ میں رونما ہوکر تلنگانہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راو کے خلاف دھمکانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے ستیہ نارائنا پورم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی ۔ ایسے وقت جب چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے خلاف شکنجہ کسنے کیلئے اے سی بی نے شدت پیدا کردی ہے اور اس کیس کے ملزم متیا کو عدالت کی جانب سے راحت ملنا اہمیت کا حامل ہے۔