نوٹ برائے ووٹ اسکام ‘ نائیڈو کو نوٹس جاری کرنے کی تیاری شروع

حیدرآباد۔/27جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو نے نوٹ برائے ووٹ اسکام کے سلسلہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو نوٹس جاری کرنے کی تیاری شروع کردی ہے اور توقع ہے کہ اندرون دو یوم اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرلیا جائیگا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اس مسئلہ پر قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اے سی بی کو اس کارروائی کیلئے ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چندرا بابو نائیڈو کی آواز سے متعلق آڈیو ٹیپ کے بارے میں فارنسک رپورٹ ملنے کے بعد اینٹی کرپشن بیورو نے نوٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فارنسک لیاب نے آڈیو ٹیپ میں چندرا بابو نائیڈو کی آواز کی توثیق کی ہے۔ یہ رپورٹ تلنگانہ اے سی بی کیلئے نوٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں اہم ثبوت کے طور پر کام آئیگی۔ ذرائع نے بتایا کہ فارنسک رپورٹ ملتے ہی بیورو کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ رپورٹ کے سلسلہ میں مزید ماہرین اور خاص طور پر فارنسک اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیدار دن رات اس مسئلہ پر قانونی ماہرین سے مشاورت میں مصروف ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اینٹی کرپشن بیورو کے سربراہ اے کے خاں سے ملاقات کے دوران واضح کردیا کہ وہ اس اسکام کی تحقیقات کے سلسلہ میں کسی بھی مداخلت کے حق میں نہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کیلئے اینٹی کرپشن بیورو پوری طرح آزاد ہے۔ فارنسک لیاب نے اپنی ابتدائی رپورٹ جو اینٹی کرپشن بیورو کی خصوصی عدالت کو پیش کی ہے اس میں اس بات کی توثیق کی گئی کہ رکن اسمبلی اسٹیفن سن سے بات چیت کرنے والے چندرا بابو نائیڈو ہی ہیں۔ لیاب نے نائیڈو کی آواز کا ٹیپ میں موجود آواز سے تقابل کرنے کیلئے بعض ماہرین اور نئی ٹکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کا ماننا ہے کہ فارنسک لیاب کی ابتدائی رپورٹ خود ٹھوس ثبوت ہے اور اینٹی کرپشن بیورو اس سلسلہ میں کارروائی کا آغاز کرسکتا ہے۔ اسی دوران نوٹ برائے ووٹ اسکام کی اینٹی کرپشن بیورو سے تحقیقات نے پولیس میں اے کے خاں کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اس اسکام میں اے سی بی کارروائیوں سے خوش ہیں۔