نوٹ برائے ووٹ اسکام ،اوچھی سیاست کا مظہر : ویلفیر پارٹی

حیدرآباد ۔ 9 جون (راست) ایم ایل سی انتخابات میں ایک رکن اسمبلی کو رشوت دینے کی کوشش کرتے ہوئے تلگودیشم قیادت کے مبینہ کردار پر ویلفیر پارٹی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک گھناؤنی اور اوچھی سیاست سے تعبیر کیا۔ ویلفیر پارٹی تلنگانہ سید شفیع اللہ قادری نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ کے معاملہ میں ٹی ڈی پی لیڈر ریونت ریڈی اور پھر آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ کا مبینہ کردار جمہوری معاشرہ پر ایک کلنک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملہ کی مکمل جانچ ہونی چاہئے اور اے سی بی کے ذریعہ عائد کردہ الزامات ثابت ہونے پر آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ اور ریونت ریڈی کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔ شفیع اللہ قادری نے کہا کہ ٹی آر ایس بھی اس معاملہ میں کوئی دودھ کی دھلی پارٹی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے بھی تلگودیشم قائدین کو راغب کرنے کیلئے انہیں اقتدار اور عہدوں کا لالچ دیا۔ انہوں نے حکمراں جماعت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے اور دیگر پارٹی قائدین کی کردارکشی بند کرے۔ رشوت ستانی میں ملوث سیاسی جماعتوں کو عوام برداشت نہیں کریں گے۔