گورنر کا دورہ دہلی مقرر، صدر جمہوریہ، وزیراعظم و مرکزی وزراء سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔/6جون، ( سیاست نیوز) ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن 10اور11جون کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ دونوں ریاستوں کے مشترکہ گورنر کی حیثیت سے ذمہ داری نبھانے والے ای ایس ایل نرسمہن کا مجوزہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ موجودہ تازہ سیاسی صورتحال اور ریاست کی تقسیم کے ایک سال بعد دونوں ریاستوں میں مختلف مسائل پر تنازعات کے پس منظر میں ای ایس ایل نرسمہن نئی دہلی جارہے ہیں۔ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں نوٹ برائے ووٹ اسکام میں تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کی گرفتاری اور تلنگانہ حکومت کی جانب سے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو اس تنازعہ میں شامل کرنے کی کوششوں کے سبب مرکز کو صورتحال سے واقف کرانے کیلئے بتایا جاتا ہے کہ نرسمہن نے دورہ دہلی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کل گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے اس اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کے خلاف ثبوت کے بارے میں واقف کرایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر دہلی میں قیام کے دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کو شامل کرنے سے تلنگانہ حکومت کو روکنے کیلئے مصالحت کی جائے۔