نوٹوں کی منسوخی سے متعلق بل ۔2017 لوک سبھا میں پیش

نئی دہلی۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ترنمول کانگریس کے اراکین کے احتجاج کے درمیان نوٹوں کی منسوخی سے متعلق بل آج لوک سبھا میں پیش کردیا۔یہ بل نوٹوں کی منسوخی کے سلسلے میں پہلے جاری آر ڈی ننس کی جگہ پر پیش کیا گیا ہے ۔ اس بل میں 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹوں کے چلانے کو قانونی طور پر ختم کرنے کا التزام ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ایسے نوٹوں کے تئیں ریزرو بنک آف انڈیا (آر بی آئی) کی گارنٹی اور حکومت کی ذمہ داری کو ختم کرنے کا التزام ہے ۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے ذریعے بل پیش کئے جانے کے وقت ترنمول کانگریس کے اراکین اس کی پرزور مخالفت کی۔ پارٹی کے رکن گوتم رائے نے اسے غیر قانونی اور ملک کے اقتصادی نظام کے لئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے پیش نہیں کیا جانا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نوٹ کو قانونی کرنسی کا درجہ دینے یا اسے واپس لینے کا اختیار ریزروبنک کے پاس ہے ایسی صورت میں نوٹوں کی منسوخی کے سلسلے میں کوئی بھی اعلان اسے ہی کرنا چاہئے تھا ۔ لیکن یہ کام وزیر اعظم نے کیاجو غیر مناسب تھا۔