پٹنہ:مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے نوٹوں کی منسوخی پر مرکز کے خلاف اپنے تنقیدی حملوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے اس اقدام کو ’’ سوپر ایمرجنسی‘‘قراردیا اور اس فیصلے سے حکومت کی دستبرداری تک اپنا احتجاج جاری رکھنے کے عہدہ کا اعادہ کیا۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کہاکہ’’ حکومت نے عوام سے آزادی چھین لی جس سے وہ گذشتہ 68سالو ں سے استفادہ اٹھارہے تھے۔حکومت نے عوام سے روٹی کپڑا اور مکان چھین لیا۔ ایمرجنسی کے دوران ایک عوامی تحریک شروع ہوئی تھی۔آج کی صورتحال ایمرجنسی کے دور سے بھی زیادہ بد تر ہے جس صورتحال کوہم ’’ سوپر ایمرجنسی ‘‘ کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’ این ڈے اے نے ملک کو فروخت کردیاہے۔ عوام دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں چنانچہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے لئے اپنا آواز اٹھائیں۔ ہم اپنا احتجاج اس وقت تک جاری رکھیں گے تاوقتیکہ حکومت اس فیصلہ سے دستبرداری اختیار نہیں کرتی‘‘۔