نووٹیل ہوٹل فروخت کرنے جی ایم آر کا منصوبہ

حکومت تلنگانہ اور وقف بورڈ کوادعا پیش کرنے کا بہترین موقع
حیدرآباد ۔ /2 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وقف بورڈ کی کئی اراضیات جو کہ سابق میں آندھراپردیش انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے علاوہ دیگر اداروں کے توسط سے مختلف کمپنیوں کو حوالے کی گئی تھی اس میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کو حوالے کردہ ہزاروں ایکر اوقافی اراضی بھی شامل ہے ۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کو دی گئی وسیع و عریض اراضی میں بڑا حصہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین سہروردیؒ کی درگاہ کے تحت موقوفہ اراضی کا ہے جس میں جی ایم آر کی جانب سے مختلف پراجکٹس تعمیر کئے گئے ہیں ۔ ان ہی پراجکٹ میں جی ایم آر کا ایک پراجکٹ نووٹیل ہوٹل شمس آباد بھی شامل ہے جو کہ موقوفہ اراضی کے ہی ایک حصہ پر تعمیر کی گئی ۔ لیکن گزشتہ دنوں ذرائع ابلاغ میں شائع خبروں کے مطابق جی ایم آر گروپ نے نووٹیل ہوٹل کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے تین سے چار سو کروڑ روپئے حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے ۔ اب جب کہ خود جی ایم آر گروپ کی جانب سے نووٹیل ہوٹل کی فروخت کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ ایسے میں حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ وقف بورڈ اس جائیداد پر اپنا ادعا پیش کرسکتے ہیں چونکہ جس مقصد کیلئے حکومت نے یہ اراضی جی ایم آر گروپ کو حوالے کی تھی اب گروپ کی جانب سے اس مقصد سے انحراف کرتے ہوئے اسے فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ ریاستی حکومت کو اب ایک موقع دستیاب ہوا ہے کہ عملی طور پر موقوفہ جائیداد کو واپس حاصل کرنے کی کوشش کی جائے ۔