نومولود شہزادی کیلئے’’ ڈائنا ‘‘عوام کا پسندیدہ ترین نام

لندن۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کا) برطانیہ میں پرنس ولیمس اور ان کی بیوی کیٹ میڈلٹن کو لڑکی پیدا ہونے کی صورت میں پسندیدہ ترین نام ’’ڈائنا‘‘ ہے ۔ یوگاؤ کے ایک سروے کے بموجب جو سنڈے ٹائمز میں شائع ہوا ہے ‘12فیصد افراد نے بچی کیلئے اُس کی دادی ڈائنا کا نام رکھنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ سروے میں 2200 بالغ افراد نے ایلس اور شارلٹ کے نام اپنی علی الترتیب دوسری اور تیسری پسند قرار دیئے ہیں ۔ دونوں ناموں کو عوام کی 9فیصد تائید حاصل ہے ۔ دریں اثناء برطانیہ میں شرطیں لگائی جارہی ہیں کہ ڈچس آف کیمبرج کو سنہرے بالوں والی بیٹی ہوگی اور اس کا نام ایلس رکھا جائے گا ۔