نور کالونی شاستری پورم کے مکین پانی کے مسئلہ سے پریشان حال

محکمہ آبرسانی کو غریب عوام کی بنیادی ضرورت کا خیال نہیں ، وقت کا عدم تعین پریشانیوں میں مزید اضافہ

حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : پرانے شہر کے نور کالونی شاستری پورم میں پانی کا سنگین مسئلہ انتہائی تشویش ناک صورت اختیار کرچکا ہے جہاں پانی کے آنے یا نل کے بند ہونے کے کوئی اوقات نہیں اور اگر نل کھل بھی جائے تو پانی کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ اس پریشر کے ذریعہ پانی گھڑوں تک بھی نہیں پہنچ پاتا جس کی وجہ سے یہاں کے عوام پریشان حال ہیں ۔ شاستری پورم کے نزد نور کالونی کا قیام تقریبا 12 برس عمل میں آیا ہے لیکن آج بھی یہاں پانی کا مسئلہ سنگین نوعیت سے تشویش ناک ہے ۔ دفتر سیاست کو اس کی شکایت وصول ہونے پر نمائندہ خصوصی نے تفصیلی معائنہ کیا ۔ صد فیصد مسلم آبادی اور غریب عوام سب سے پہلے نل کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات متعین نہیں ۔ کم پریشر ستم بالائے ستم کے مترادف ہے ۔ یہاں کی ایک مقامی خاتون ہاجرہ نے بتایا کہ پانی کب آئے گا اس کا کسی کو علم نہیں اور اگر رات کو پانی آگیا تو گھر کے تمام افراد کو جنگی پیمانے پر پانی کے حصول کے لیے محنت کرنی پڑتی ہے ۔ جس کی وجہ سے رات کے جاگے افراد کو صبح کاروبار اور کام پر جانے میں دقت آتی ہے ۔ مقامی مکین شیخ یوسف نے کہا کہ پانی کا جو پریشر یہاں چھوڑا جاتا ہے اس پریشر سے پانی بھرنا ناممکن ہے اور موٹر لگائی جاتی ہے تو اسے جرم قرار دیا جاتا ہے ۔ اس علاقے کا اگر کوئی باشعور شخص دورہ کرے تو حیرت کی وجہ سے وہ اپنی انگلی دانتوں تلے دبالے گا کیوں کہ یہاں پانی کے اس سنگین مسئلہ کو دیکھ کر اسے شہر کا علاقہ نہیں بلکہ کسی دیہات یا آبادی سے کٹا ہوا علاقہ کہا جاسکتا ہے ۔ نور کالونی کے عوام نے ارباب مجاز سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہاں کے پانی کے سنگین مسائل کو حل کرتے ہوئے غریب عوام کی زندگی میں سکون کا ماحول فراہم کرے ۔۔