سرینگر 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے سرینگر میں لال چوک اور متصل علاقوں کے دوکاندار وں اور کاروباری اداروں نے ایک نوجوان کی مشتبہ موت کے خلاف احتجاج آج بند منایا ۔ اس نوجوان کی نعش گذشتہ روز دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی ۔ پولیس نے کہا کہ لال چوک ‘بادشاہ چوک ‘مائسومہ اور گاوکدل میں اویس احمد فافو کی موت پر بند منایا گیا جو گاو کدل علاقہ کی ایک دوکان میں سیلز مین کی حیثیت سے کام کرتا تھا ۔ وہ چند دن سے لاپتہ تھا اور اس کی نعش کل ضلع بانڈی پورہ کے شادی پورہ ٹاون کے قریب دریا سے برآمد ہوئی تھی ۔ اس کی نعش جیسے ہی افراد خاندان کے حوالے کی گئی مائسومہ میں احتجاج شروع ہوگیا ۔ نوجوانوں نے پولیس پر سنگباری شروع کرتے ہوئے پولیس پر ہی اویس احمد کے قتل کا الزام عائد کیا۔ تاہم پولیس نے اس نوجوان کی موت کی وجہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ احتجاجی بند مجموعی طور پر پرامن رہا کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔