تھرواننتھاپورم ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کیرالا اومین چنڈی نے کہا کہ کیرالا کے ایک نوجوان کی دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) میں شمولیت کی حکومت کو اطلاع نہیں ہے۔ کابینہ کی روئیداد سے واقف کراتے وقت اس بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ذرائع ابلاغ نے یہ اطلاع دی تھی کہ 24 سالہ نوجوان طاہر جس کا تعلق ضلع پلکڈ سے ہے، خلیجی ملک جانے کے بعد لاپتہ ہے اور اس کے شام میں دہشت گرد گروپ میں شامل ہونے کا شبہ ہے۔
گجرات فسادات سماعت کی تکمیل کیلئے تین ماہ کی توسیع
نئی دہلی ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج احمدآباد کی ایک عدالت کو 2002ء کے گلبرگ سوسائٹی قتل عام کے مقدمہ کی سماعت مکمل کرنے کیلئے مزید 3 ماہ کی توسیع دی ہے۔ گلبرگ سوسائٹی قتل عام میں کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری اور دیگر 57 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم چیف جسٹس ایچ ایل دتو کے زیرقیادت بنچ نے ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کردیا جنہوں نے اس بنیاد پر راحت کی استدعا کی تھی کہ اس مقدمہ کی سماعت لیت و لعل کا شکار ہوچکی ہے چنانچہ وہ جیل سے رہائی کے مستحق ہیں۔ اس دوران ڈسٹرکٹ جج پی بی دیسائی نے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی تھی کہ وہ اس مقدمہ کی سماعت کیلئے مزید 3 ماہ کی توسیع کرے۔ ملزمین نے لکھا تھا کہ سماعت کی تکمیل میں تاخیر کے سبب انہیں ضمانت دی جانی چاہئے کیونکہ وہ گذشتہ 10 سال سے جیل میں قید ہیں۔