نوجوان تارکین وطن کی معافی اسکیم منسوخ ، ٹرمپ کے خلاف احتجاج

واشنگٹن ۔ /5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اوباما دور کے معافی پروگرام کو منسوخ کردیا جس کے تحت ان تارکین وطن کو کام کی اجازت دی گئی تھی جو غیرقانونی طور پر کمسنی میں ملک میں داخل ہوئے تھے ۔ حکومت کے اس اقدام سے تقریباً 8 لاکھ ورکرس پر اثر پڑے گا جو دستاویزات نہیں رکھتے ۔ ان میں 7 ہزار سے زائد ہندوستانی نژاد امریکی شامل ہے ۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنس نے آج یہ اعلان کیا جس کی چند دن سے توقع کی جارہی تھی ۔ ان کے اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں احتجاج شروع ہوگیا ۔ ہزاروں افراد نے وائیٹ ہاؤس کے باہر ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سابق صدر بارک اوباما کی یہ معافی غیردستوری تھی اور اس کی وجہ سے ہزاروں امریکی شہری روزگار سے محروم ہورہے تھے ۔