مادر وطن کی خدمت اطمینان قلب کی ضامن : مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 21 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر مسٹر ایم وینکیا نائڈو نے بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک کا رخ کرنے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ وطن واپس آجائیں اور قوم کی تعمیر میں اہم رول ادا کریں اور سماج کی خدمت کریں۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات و پارلیمانی امور سی ایس آئی آر انڈین انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی کی 70 ویں سالانہ تقریب کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔ باہر جائیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن وہاں سیکھیں ‘ کمائیں اور وطن واپس آجائیں۔ بالآخر آپ کو واپس آنا اور اپنے مادر وطن کی خدمت کرنا ہے ۔ ایسا کرنے ہی سے آپ خوش رہ سکتے ہیں۔ آپ کو اپنی مادر وطن کی خدمت کرنا ہے تاکہ سماج اور آپ کے رشتہ دار خوشی محسوس کریں اور آپ خود بھی اس سے اطمینان حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سرزمین عظیم سرزمین ہے یہاں رہنے بسنے والے ہر شخص میں ہر شعبہ کی معلومات اور صلاحیتیں ہیں ۔ ہر ایک کے پاس اس زمین اور پانی کی تاثیر کے نتیجہ میں صلاحیتیں ہیں۔ اس ملک میں پیدا ہونے والے افراد امریکہ اور مغربی ممالک کو گئے ۔ اگر آپ امریکہ جائیں اور 10 ڈاکٹرس سے بات کریں تو ان میں نصف ہندوستانی ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ ہم کو جو لوگ ہندوستان چھوڑ کر چلے گئے ہیں ان کی واپسی کیلئے حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان مختلف شعبہ جات میں علم کی روایات رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ در اصل ملک کے قدیم ریاضی دانوں ‘ ڈاکٹرس اور فلاسفرس کے کام کے نتیجہ میں دنیا بھر میں سوچ و فکر کا عمل تیز ہوا ہے ۔ علم ‘ سائینس ‘ ٹکنالوجی ‘ ریسرچ ہی مستقبل کی زندگی کا حصہ ہیں اور اسی سے سماج کی بہتری ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا ہندوستان دنیا بھر کا گرو تھا لیکن اب ہم مغرب کی سمت دیکھ رہے ہیں اور وہ لوگ ہماری سمت دیکھ رہے ہیں کیونکہ درمیان میں ہم خود اعتمادی اور خود احترامی سے محروم ہوگئے ہیں کیونکہ صدیوں تک غلامی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سائینسداں ہتھیاروں کے بشمول جس شئے کی بات کرتے ہیں وہ ہمارے پاس موجود ہے ۔ کئی وجوہات رہیں جس کی وجہ سے ہم رفتار سے محروم ہوگئے اور اب دوسرے ممالک پر انحصار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر بیرون ملک جائیں تو جائیں لیکن وہاں سیکھیں ‘ کمائیں اور ہندوستان واپس آکر اپنے مادر وطن کی خدمت کریں اسی میں سماج کی بہتری اور بھلائی ہے ۔ ہمیں بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی واپسی کیلئے حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔