نوجوان افواہوں پر توجہ نہ دیں، عبادتوں اور غریبوں سے ہمدردی کرنے کا مشورہ

پرانے شہر میں پیش آئے تشدد کے واقعات پر اظہار افسوس، جناب علی مسقطی کا بیان

حیدرآباد۔27مئی (سیاست نیوز) نوجوان افواہوں پر ردعمل کا اظہار کے بجائے ماہ مقدس میں عبادتوں اور غریبوں سے ہمدری پر توجہ دیں ۔ جناب علی مسقطی نائب صدر تلگودیشم پارٹی نے گذشتہ شب پرانے شہر میں پیش آئے تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفادات حاصلہ مسلم نوجوانوں کو بدنام کرنے کی غرض سے اس طرح کی افواہوں کا سہارا لیتے ہوئے انہیں گمراہ کر رہے ہیں اس بات کو محسوس کرنے کی ضرورت ہے ۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شب بیداری مساجد میں کرتے ہوئے اللہ تعالی سے مدد ‘ فتح و نصرت طلب کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات سے مسلمانوں کا کردار مسخ ہوگا اسی لئے اس طرح کی کسی بھی حرکت سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ انہوں نے محکمہ پولیس سے بھی خواہش کی کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کے ساتھ افواہ پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرنے سے گریز نہ کریں کیونکہ اس طرح کی افواہوں سے شہر میں امن و امان کو خطرہ لاحق ہو رہاہے ۔ نائب صدر تلگو دیشم نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کا حق کسی کو بھی حاصل نہیں ہے اسی لئے اگر کسی پر شہریوں کو شبہ بھی ہے تو وہ ان پر حملہ نہ کریں بلکہ پولیس کو مطلع کرتے ہوئے پولیس کے حوالہ کریں ۔ انہوں نے گذشتہ شب چندرائن گٹہ میں پیش آئے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہجوم کو بے قابو کرنے کیلئے جس طرح سے کوششیں کی گئی وہ قابل مذمت ہیں اور اس طرح کے کسی واقعہ کا اعادہ نہ ہو اس کے لئے محکمہ پولیس کو چوکسی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں اعتماد پیدا کرنا چاہئے ۔ جناب علی بن ابراہیم بن عبداللہ مسقطی نے کہا کہ نوجوانوں کو اس طرح کی افواہوں پر رد عمل ظاہر کرنے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس طرح کے واقعات سے ان کی زندگیاں عدالتوں کے چکر کاٹنے میں گذر جائیں گی ۔ انہو ںنے کہاکہ نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات میں ملوث کرنے کی کوشش کرتے ہوئے فائدہ اٹھانے کی کوششوں کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اسی لئے موجودہ حالات میں عوام بالخصوص نوجوانوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی کسی بھی غیر قانونی حرکت سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے جو ان کے مستقبل کو تاریک کرنے کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے کسی بھی مشتبہ شخص کے متعلق پولیس کو مطلع کرتے ہوئے ایک اچھے شہری کا فرض ادا کریں اور ہنگامہ آرائی سے گریز کریں۔