نوجوانوں کے مسائل انتخابی منشور میں شامل کرنے کی خواہش

مفخم جاہ کالج کے طلبہ کے ساتھ سینئر کانگریس قائد راجیو گوڑا ایم پی کا مشاورتی اجلاس

حیدرآباد 2 ڈسمبر (راست) رکن پارلیمنٹ و سینئر کانگریس قائد پروفیسر راجیو گوڑا نے کہاکہ کانگریس کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر انتخابی منشور کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کل مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ میں طلباء و نوجوانوں کے ساتھ منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی کی جانب سے واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ کانگریس کا انتخابی منشور ملک کے عوام کے جذبات، اُمنگوں اور توقعات کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرنے والا ہو۔ اس کام کی انجام دہی کے لئے سابق مرکزی وزیر چدمبرم کی قیادت میں ایک انتخابی منشور کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ راجیو گوڑا نے کہاکہ کمیٹی کی جانب سے انتخابی منشور کی تیاری سے قبل عوام کی رائے جاننے کے لئے ’جنا دھوانی‘ عوام کی آواز پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعہ عوام کی رائے ان کی خواہشات اور توقعات سے واقفیت حاصل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ملک کے طول و عرض میں 150 سے زیادہ عوامی اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف عنوانات پر کانگریس کے نظریات پر عوامی رائے اور عوام کے نظریات معلوم کئے جائیں گے۔ راجیو گوڑا نے کہاکہ انتخابی منشور میں نوجوانوں کے لئے روزگار، صلاحیتوں میں بہتری اور کھیل کود پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس اجلاس کے دوران مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء اور دانشوروں نے لوک سبھا 2019 ء انتخابات کے لئے کانگریس کے منشور کے لئے مشورے اور تجاویز پیش کئے۔ ان مشوروں میں ہر کالج میں جنسی امتیاز اور ہراسانی کے خاتمہ کے لئے طلباء میں شعور بیدار کرنے اور طلباء میں جذبہ احتساب اُجاگر کرنے، تمام خانگی و سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء کو حصول روزگار سے قبل انڈسٹری کو درکار تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے نیشنل پروگرام فار انٹرنشپس تشکیل دینے، طلباء کی معاشی و سماجی مجبوریوں کو نظر میں رکھتے ہوئے عصری تعلیم کو دسترس میں لانے کے لئے فاصلاتی تعلیمی نظام کے فروغ کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمس کی فراہمی، تعلیم اور روزگار کے درمیان بڑھتے فاصلہ کو ختم کرنے کے لئے خصوصی سوشیل سائنس اینڈ ہیومانٹیز کالجس کا قیام، اسپورٹس کالجس کا قیام قابل ذکر ہیں۔ اس اجلاس میں سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ایم ایم پلم راجو، سومیا ریڈی، سکریٹری کل ہند کانگریس کمیٹی ریسرچ سنٹر تلنگانہ یوتھ کانگریس لیڈر عامر جاوید و دیگر موجود تھے۔