حیدرآباد، 3 جون (یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع اننت پور کے سرکاری اسپتال پہنچ کر فور ٹاون ایس آئی نے ایک معاملہ میں حراست میں لئے چار نوجوانوں کو مبینہ طورپر دھمکی دی۔ان نوجوانوں کو سب انسپکٹر سری رام نے حراست میں لیتے ہوئے ان کی پٹائی کی تھی اور اغوا کے معاملہ میں مبینہ طورپر انہیں پھنسانے کی دھمکی دی تھی جس پر ان نوجوانوں نے کمیکل ملی اشیا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔انہیں ان کے رشتہ داروں نے سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں وہ زیرعلاج ہیں تاہم یہ سب انسپکٹر وہاں پہنچ گیا اور اس نے متاثرہ نوجوانوں اور ان کے رشتہ داروں کو مبینہ طورپر دھمکایا ۔انہوں نے اس واقعہ کا کوریج کرنے کے لئے آنے والے میڈیا کے نمائندوں سے نامناسب رویہ اختیا رکیا ۔یہ واقعہ اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ۔اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی ضلع ایس پی راچ شیکھر بابو نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری طورپر جانچ کرنے کی ڈی ایس پی ملک ارجن کو ہدایت دی ۔ایس پی نے اس سب انسپکٹر کو چارج میمو بھی جاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔