منتخبہ طلبہ کی سنچورین یونیورسٹی کو آئندہ ماہ روانگی ، سی ای او تلنگانہ وقف بورڈ شاہنواز قاسم کا بیان
حیدرآباد۔4مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے غیر تعلیم یافتہ اور ترک تعلیم کرنے والے نوجوانوں کو سنچورین یونیورسٹی بھوبنیشور اڈیشہ میں مختلف تربیتی کورسس میں داخلہ دلواتے ہوئے انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے منصوبہ کے تحت طلب کی گئی درخواستوں میں 400 سے زائد نوجوانوں نے درخواستیں داخل کی ہیں جن میں 50لڑکیاں شامل ہیں۔ ان درخواست گذاروں کے والدین کے ہمراہ روزانہ کونسلنگ سیشن منعقد کئے جا رہے ہیں اور یومیہ 15تا20درخواست گذاروں کے والدین اور خود درخواست گذار ان کونسلنگ سیشن میں شرکت کر رہے ہیں۔ آئندہ 10یوم کے دوران سینچورین یونیورسٹی کی جانب سے چلائے جانے والے مختلف کورسس کیلئے 100 نوجوانوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور منتخبہ نوجوانوں کی فہرست یونیورسٹی کے مجاز عہدیداروں کو روانہ کردی جائے گی۔ جناب شاہنواز قاسم ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود و چیف ایکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے بتایا کہ 15اپریل تک منتخبہ نوجوانوں کی روانگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ جناب شاہنواز قاسم نے بتایا کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے جن نوجوانوں کو منتخب کیا جائے گا ان نوجوانوں کو مختلف مختصر مدتی کورسس کے لئے سنچورین یونیورسٹی روانہ کیا جائے گا جہاں وہ 4تا7ماہ کے کورسس میں تربیت حاصل کریں گے اور انہیں عملی تربیت کی فراہمی کے بعد سند عطا کی جائے گی جو کہ ملک و بیرون ملک کی سرکردہ کمپنیوں میں کارکرد قرار دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہروقف بورڈ کی جانب سے پہلا ایسا منصوبہ تیار کیا گیا جس کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو جو ترک تعلیم کرچکے ہیں انہیں یونیورسٹی کے ماحول میں تربیت کی فراہمی عمل میں لاتے ہوئے انہیں مسابقتی دوڑ میں شامل کیا جائے تاکہ ان کے ترک تعلیم کی وجہ سے انہیں مایوسی کا شکار ہونا نہ پڑے۔