نوجوانوں کو سیکوریٹی و طبی شعبہ سے مربوط کرنے کی مساعی

29 جنوری کو نوجوانوں کے لیے کیمپ ، تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا اعلان
حیدرآباد۔24جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے نوجوانو ںکو سیکیوریٹی اور طبی شعبہ سے مربوط عہدوں کیلئے تربیت فراہم کی جائے گی اور اس کیلئے 29جنوری کو11 بجے دن حج ہاؤز میں نوجوانوں کے لئے ایک کیمپ لگایا گیا ہے تاکہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس 45روزہ تربیت میں داخلہ حاصل کرسکیں۔ جناب محمد عبدالوحید منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کائیروس نامی کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیت میں اقلیتی نوجوانوں کو داخلہ کے لئے اقدامات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کوسٹ گارڈ ‘ سی آئی ایس ایف‘ آر پی ایف اوردیگر شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور اس کے علاوہ کسٹمر کئیر ایکزیکیٹیو‘ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن ‘ سیکیوریٹی گارڈاور ہاؤز کیپنگ میں بھی کائیروس نامی ادارہ کی جانب سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ جناب ایم اے وحید نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں موجود EMRI کیمپس میں یہ تربیت فراہم کی جائیںگی اور اس تربیت کے دوران امیدواروں کو مفت قیام و طعام کی سہولت حاصل رہے گی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ایس ایم ایف سی نے بتایا کہ اس اسکیم پر عائد ہونے والے تمام اخراجات ریاستی حکومت کی جانب سے ادا کئے جا رہے ہیں اور اس کا کوئی مالی بوجھ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن پر عائد نہیں ہوگا۔ جناب ایم اے وحید نے بتایا کہ مذکورہ ادارہ کی جانب سے تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں کو ملازمت کے حصول کے 100 فیصد امکانات ہیں کیونکہ جو تربیت فراہم کی جا رہی ہے اس میں کئی ایسے کورسس ہیں جس میں خود کائیروس کی جانب سے 100 فیصد ملازمت کی ضمانت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری اس اسکیم سے استفادہ کے ذریعہ نوجوان ملازمت حاصل کرسکتے ہیں اور ان تربیتی پروگرامس میں حصہ لیتے ہوئے اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں اسی لئے تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کائیروس کے تحت حکومت تلنگانہ کے تعاون سے چلائی جانے والی اس اسکیم سے اقلیتی نوجوانوں کو استفادہ کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہو ں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس اسکیم کی مزید معلومات اور کورسس کی تربیت میں حصہ لینے کے لئے 29 جنوری کو منعقد کئے جانے والے کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے مکمل تفصیلات حاصل کریں اور مفت تربیت کے اس موقع سے استفادہ کریں۔