پبلک سیکٹر اداروں اور کمپنیوں میں ملازمت کے شاندار مواقع، جاب ڈیولپمنٹ آفیسر اے حامد کا خطاب
حیدرآباد۔/11مئی، ( سیاست نیوز) روزگار کے حصول کیلئے تعلیمی قابلیت سے زیادہ اس کی صلاحیت دیکھی جاتی ہے۔ کوئی بھی امیدوار اپنے بائیو ڈاٹا کو موثر بنائیں، انٹرویو کیلئے اپنی باڈی لینگویج کے ساتھ خوش اسلوبی سے شرکت کریں اور کچھ کردکھانے کا عزم رکھتے ہوئے ملازمت حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر اے حامد جاب ڈیولپمنٹ آفیسر رنگاریڈی کلکٹریٹ نے ادارہ ’سیاست‘ کے زیر اہتمام محبوب حسین جگر ہال میںمنعقدہ روزگار کے مواقع کے سمینار کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آج نوجوان نسل کو اپنے انداز گفتگو کو بدلنے کی ضرورت ہے اور وہ بات کرنے میں تحکمانہ انداز ترک کریں۔ مسٹر حامد جو زائد از 12سال سے سرکاری محکمہ میں ملازمتوں کی فراہمی کے عہدیدار ہیں‘ان کے تحت رنگاریڈی ضلع جو حیدرآباد کے چار سمت میں کوئی 12ہزار چھوٹے بڑے فیکٹریاں اور انڈسٹریز جس میں پانچویں جماعت کامیاب امیدواروں سے پی جی سطح کے امیدواروں تک ملازمت فراہم کی جاتی ہے۔ اس خصوصی سمینار میں موجود تمام لڑکے؍ لڑکیوں کو خوشخبری دی کہ وہ تمام کے تمام روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ ان کیلئے ملازمت کے دروازے کھلے ہیں صرف اپنے انداز فکر کو بدلیں، کام کیا ہے،
کہاں ہے، تنخواہ کیا ہے، کیا تقرری مستقل ہے؟ ایسے سوالات کو اپنے ذہن سے نکال دیں اورصرف ایک منصوبہ اپنے ذہن میں بنائے اور کیا بننا چاہتے ہیں اس کے مطابق اپنے آپ کو تیار کرنا چاہیئے۔ روزگار کے مواقع پر سیر حاصل لکچر میں انہوں نے متلاشیان روزگار کو آج کی جاب مارکٹ، سرکاری، پبلک سیکٹر، پرائیویٹ سیکٹر کو پیش کیا اور کہا کہ آج روزگار حاصل کرنا نہایت آسان ہے۔ نئی ریاست تلنگانہ کے وجود میں آنے کے بعد روزگار کے کئی مواقع نکلتے ہیں جس سے مسلم اقلیتی طبقہ جو حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع کے ہوں بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔ سماجی جہد کار محمد محبوب حسین آزاد نے ابتداء میں بائیو ڈاٹا کی تیاری اور کمپنیوں میں ایچ آر کے لئے درکار ضروریات کو نوجوان لڑکے؍ لڑکیوں کی رہنمائی کی اور انہیں موثر بائیو ڈاٹا پیش کرنے اور اس کے مطابق انٹرویو میں شرکت کا مشورہ دیا
جس سے امیدواروں کوشخصیت کا اندازہ ہوتا ہے، لباس بھی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ مسٹر ایم اے حمید کیریئر کونسلر ’سیاست‘ نے خیرمقدم کیا اور اس مقصدی پروگرام سے نہ صرف شرکاء بلکہ ان کے دوست احباب کو بھی استفادہ کا مشورہ دیا۔ حبیب علی کی قرأت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔اس موقع پر محمد معید پرنسپل ماسٹر مائنڈس اسکول موجود تھے۔سلمان سعدی، علی بلشرم اور عیسیٰ باجابری نے معاونت کی ۔پروگرام کے اختتام پر ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا۔