نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں ٹی آر ایس حکومت ناکام

22 لاکھ روزگار فراہم کرنے راہول گاندھی کا وعدہ، کانگریس ترجمان نظام الدین کا بیان
حیدرآباد ۔ 2۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے دعویٰ کیا کہ صرف کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتی ہے جبکہ مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس نے گزشتہ پانچ برسوں میں انتخابی وعدوں کے مسئلہ پر عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نظام الدین نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے مرکز میں برسر اقتدار آنے کی صورت میں 22 لاکھ جائیدادوں پر مارچ 2020 ء تک تقررات مکمل کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ کانگریس وہ واحد پارٹی ہے جو عوام کی ضرورتوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے ۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کسانوں سے جو وعدے کئے گئے تھے ، برسر اقتدار آتے ہی ان کی تکمیل کی گئی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر وزیراعظم کے عہدہ کے لئے جبکہ کے ٹی آر چیف منسٹر کے عہدہ کی لالچ میں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ کے ساڑھے تین کروڑ عوام اپنے مسائل بھول کر ٹی آر ایس کو ووٹ دیں۔ 543 رکنی لوک سبھا میں تشکیل حکومت کیلئے 272 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے لیکن کے سی آر و کے ٹی آر محض 16 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ کے سی آر فیملی کو صرف اقتدار چاہئے اور وہ جوابدہی کیلئے تیار نہیں۔ تلنگانہ میں اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ 2014 ء میں کے سی آر نے کئی وعدے کئے تھے لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ مسلمانوں اور درج فہرست قبائل و تحفظات ، کے جی تا پی جی مفت تعلیم ، ہر گھر کو ایک روزگار کی فراہمی جیسے وعدے کئے گئے تھے۔ طلبہ اور نوجوانوں نے بڑی امید کے ساتھ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا لیکن ریاست کی تشکیل کے بعد انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ ایک سال میں ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے کے سی آر نے 50,000 جائیدادیں بھی پُر نہیں کی۔ نظام الدین نے کہا کہ ایک لاکھ 10 ہزار مخلوعہ جائیدادوں میں 52742 کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا لیکن 28116 جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع ہوا ہے جن میں محکمہ پولیس کی 12152 جائیدادیں شامل ہیں۔ کئی محکمہ جات میں ایک بھی مخلوعہ جائیداد پر تقررات نہیں کئے گئے۔ نظام الدین نے محکمہ اقلیتی بہبود میں ملازمین کی کمی سے حکومت کی عدم دلچسپی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 لاکھ نوجوانوں نے پبلک سرویس کمیشن میں اپنے نام درج کرائے ہیں۔ حال ہی میں وی آر اووز کی 700 جائیدادوں کا اعلامیہ جاری ہوا جس کے لئے 10 لاکھ نوجوانوں نے درخواست داخل کی ۔ اس جائیداد کے لئے تعلیمی قابلیت ایس ایس سی ہے لیکن پی ایچ ڈی ، ایم فل ، انجنیئرس ، پوسٹ گر یجویٹ اور گریجویٹس امیدواروں نے در خواستیں داخل کیں جس سے ریاست میں بیر وزگاری کی سنگین صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔ نظام الدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کو ووٹ دینے کے بجائے کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں جو تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرے گی۔