تحفظات کے نام پر مسلمانوں کو دھوکہ: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔30مئی(سیاست نیوز) ورکنگ پریسڈنٹ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے جو توقعات عوام بالخصوص نوجوان طبقے کو تھی اُسے پورا کرنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ آج صحافت سے ملاقات پروگرام کے دوران اُنھوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ نوجوانو ں کو روزگار کی فراہم کرنے کے بجائے انہیں زمانے قدیم میں ڈھکیلنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جب تک نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیںکیاجائے گا تب تک تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا مقصد پورا نہیںہوسکتا۔ انہوں نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں تلگودیشم پارٹی کے مہاناڈو کے کامیاب انعقاد پر دونوں ریاستوںکے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میںمہاناڈو کی کامیابی کے بعدٹی آر ایس پارٹی خوفزدہ ہے اورتوجہ ہٹانے کیلئے بی جے پی صدر امیت شاہ کے دورے کو غیر ضروری موضوع بحث بنایا جارہا ہے۔ مسٹر ریونت ریڈی نے شہر میں لینڈ مافیاکی سرپرستی کا بھی ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین پر الزام عائد کیا۔ مسٹر ریونت ریڈی نے ایک سوال کے جواب میںکہاکہ تلگودیشم پارٹی مسلم تحفظات کی حمایت کرتی ہے ۔12 فیصد تحفظات مسلم اقلیت کا جمہوری حق ہے مگر حکومت تلنگانہ تحفظات کی فراہمی کے نام پر مسلمانوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میںتلگودیشم پارٹی برسراقتدارآتی ہے تو ہم مسلم اقلیت کو سیاسی تحفظات بھی فراہم کریں گے ۔